مکیش امبانی کی بیٹی کی شادی پر 14 ارب روپے خرچ کئے گئے لیکن دلہن کے لباس پر ایک روپیہ بھی نہیں ۔۔۔
ممبئی(ڈیلی پاکستان آن لائن)بھارت کے کھرب پتی تاجر مکیش امبانی کی بیٹی ایشا امبانی کی شادی انجام پانے کے بعد بھی میڈیا کی زینت بنی ہوئی ہے ،دنیا کی اس مہنگی ترین شادی نے جہاں لاکھوں کروڑوں لوگوں کی توجہ حاصل کی بلکہ اس شادی کے اخراجات پر بھی کئی لوگوں نے دل کھول کر تنقید کی ہے ،گوکہ اس شادی پر اربوں روپے خرچ ہوئے تاہم اب دلہن ایشا امبانی کے عروسی جوڑے کے حوالے سے ایک ایسی بات سامنے آئی ہے کہ جسے جان کر آپ مزید حیران رہ جائیں گے ۔
تفصیلات کے مطابق بھارت کے کھرب پتی بزنس مین مکیش امبانی اپنی اکلوتی بیٹی کی شادی کے حوالے سے اس وقت دنیا بھر میں موضوع بحث بنی ہوئی ہے،27سالہ ایشا امبانی اوران کے شوہر 33سالہ آنند پیرامل کی نئی زندگی کا سفر اتنے دھوم دھام سے شروع ہوا ہے کہ شادی سے پہلے ہی اس جوڑے کی اڑان نے دنیا بھر کی توجہ حاصل کر لی تھی ،سابق امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن، امریکی سینیٹر جان کیری، ہما عابدین، امیتابھ بچن، ایشوریا رائے، عامر خان، شاہ رخ خان،سچن ٹنڈولکر، پریانکا چوپڑا اور نک جونس سمیت سیاست، کھیل اور شوبز سے وابستہ متعدد عالمی شخصیات نے مسلسل کئی روز تک جاری رہنے رہنے والی اس شادی کی تقریبات میں شریک ہو کر امبانی خاندان کی سیون سٹار پر تعیش میزبانی کا لطف اٹھایا ۔مکیش امبانی نے اپنی بیٹی کی شادی میں پیسے ایسے خرچ کئے جیسے دولت کا سیلاب آ گیا ہو ،شادی سے پہلے سنگیت کی تقریب ادے پورمیں ہوئی تھی جہاں جانے کے لیے 100 چارٹرڈطیارےمہمانوں کے لیے بک کئےگئے تھے،سنگیت میں بالی ووڈستاروں نےرقص کرکےرنگ جمایاتھا جبکہ معروف امریکی گلوکارہ بیونسے کی پرفارمنس نےماحول گرمانے میں اہم کردار ادا کیا تھا،بیونسےکوپرفارمنس کے لیے تیس کروڑروپے معاوضہ اداکیا گیا ۔مکیش امبانی نے اپنی بیٹی کی شادی میں دنیا بھر سے 600 عالمی شخصیات کو مدعو کیا تھا اور انہیں دعوت ناموں میں سونے کی مالائیں بھی پیش کی گئی تھیں جن کی قیمت تین لاکھ روپے بتائی جا رہی ہے ،مجموعی طور پر مکیش امبانی کی بیٹی کی شادی پر 14 ارب روپے خرچ کئے گئے لیکن یہ جان کر کسی کو بھی یقین نہیں آئے گا لیکن یہ حقیقت ہے کہ دلہن ایشا امبانی کے عروسی لباس پر ایک روپیہ بھی خرچ نہیں کیا گیا کیونکہ ایشا امبانی نے شادی کا جوڑا کسی ڈیزائنر سے نہیں بنوایا بلکہ اس مہنگی ترین شادی میں مکیش امبانی کی بیٹی نے اپنی ماں کا پرانا جوڑا پہن کر اپنی والدہ سے عقیدت اور محبت کا اظہار کیا تھا ۔یاد رہے کہ اس سے پہلے کہا جا رہا تھا کہ ایشا امبانی کے عروسی جوڑے کی قیمت 95 کروڑ روپے ہے تاہم اب حقیقت سامنے آئی ہے کہ ایشا امبانی نے اپنی مہنگی ترین شادی میں عروسی جوڑے پر ایک روپیہ بھی خرچ نہیں کیا اور والدہ کا پرانا جوڑا استعمال کر کے سب کو حیرت زدہ کر دیا ہے ۔