سانحہ پی آئی سی،وکلا کو اپنے اوپر لگنے والا دھبہ دھونےمیں بڑا وقت لگے گا:ڈاکٹر یاسمین راشد
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہپی آئی سی میں ہونے والے واقعہ میں انسانیت کا جو نقصان ہوا اُس کا کوئی ازالہ نہیں کیا جا سکتا،اِس شرمناک واقعہ کے بعد ملک بھر کے وکلا کے سرشرم سے جھک گئے ہیں اور اب وکلا برادری کو اپنے اوپر لگنے والا دھبہ دھونے میں بہت وقت لگے گا ۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ جھگڑے کا آغاز وکلاء کی جانب سے چند روز پہلے ہوا تھا لیکن اس تمام معاملے کی صلح صفائی ہو گئی تھی،اِس سے قبل بھی وکلا پی آئی سی کے باہر احتجاج کر چکے تھے،ہمیں امید نہیں تھی کہ وہ انتہائی قدم اٹھائیں گے،لوگوں کو عزت راس نہیں آتی ، ڈاکٹرز وکلاء کو عزت دینے کے لیے تیار ہو گئے تھے اور اُن کے لیے الگ کاؤنٹر کا فیصلہ بھی ہو گیا تھا لیکن اس کے باوجود وکلا نے تشدد کا راستہ اختیار کیا جس کی وجہ سے آج ملک بھر کے وکلا کے سرشرم سے جھک گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی آئی سی میں ہونے والے سانحے کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی،پی آئی سی میں ہونے والے واقعہ میںسب سے بڑی تکلیف یہ ہے کہ اس میں 3 افراد کی جانیں گئیں، وکلا کی جانب سے ظلم کی انتہا ہو گئی،16 کے قریب گاڑیوں سمیت ہسپتال میں موجود سامان کا بھی بڑی تعداد میں نقصان ہوا جس کا ازالہ کیا جائے گا لیکن انسانیت کا جو نقصان ہوا ہے اس کا کوئی ازالہ نہیں کیا جا سکتا۔ڈاکٹر یاسمین راشد نےکہاکہ ہنگامہ آرائی میں ملوث وکلاء کی بڑی تعداد کوگرفتارکیاگیااوراِنہیں آج عدالت میں بھی پیش کیاگیا،اِس سے قبل وکلاءکو انصاف کے کٹہرے میں کبھی نہیں لایا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ پی آئی سی صوبے کاسب سے بڑا ہسپتال ہے جس میں500کے قریب بیڈ موجود ہیں، ہم کوشش کر رہے ہیں کہ اگلے24گھنٹے میں ہسپتال کو دوبارہ بحال کردیاجائے،ڈاکٹرز انسانیت کی خدمت کرتے ہیں اور اسی احساس پرڈاکٹروں نےکوئی ہڑتال نہیں کی بلکہ اپنی ذمہ داریاں ادا کرتےرہے۔اُنہوں نے کہا کہ وکلا نے تشدد کا راستہ اختیار کیا جس کی وجہ سے آج ملک بھر کے وکلا کے سرشرم سے جھک گئے ہیں،اَب وکلا برادری کو اپنے اوپر لگنے والا دھبہ دھونے میں بہت وقت لگے گا ۔