گیس کمپریسر لگا نے والے صارفین کیخلاف کریک ڈاؤن، 750کنکشن منقطع

      گیس کمپریسر لگا نے والے صارفین کیخلاف کریک ڈاؤن، 750کنکشن منقطع

  



لاہور(لیاقت کھرل) سوئی ناردرن گیس کمپنی نے لاہور سمیت پنجاب بھر میں کمپریسر کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن شروع کردیا ہے جس میں پہلے مرحلہ میں لاہور سمیت مختلف شہروں سے آپریشن کے دوران 750سے زائدکمپریسر زقبضہ میں لے کر صارفین کے گیس کنکشن منقطع کر دیے گئے۔محکمہ سوئی گیس کے ذمہ دار ذرائع نے بتایا ہے کہ فیصل آباد، گوجرانوالہ، شیخوپورہ، ساہیوال اور راولپنڈی سمیت اسلام آباد میں بھی چھاپے مارے گئے۔ اس سلسلہ میں لاہورمیں جی ایم سوئی ناردرن گیس کمپنی لاہور ریجن شہزاد اقبال لون کی نگرانی میں بھرپورآپریشن کرنے کے لئے 6مختلف مختلف ٹیموں کو ٹاسک دیا گیا ہے جس میں سوئی گیس کی ٹیموں نے پوش علاقوں سمیت 2 درجن سے زا ئد گنجان آبادیوں میں بھرپورچھاپے مار کر کے 150سے زائد کمپریسر قبضہ میں لے لئے۔ راولپنڈی میں کریک ڈاؤن کے دوران 200 سے زائد جبکہ گوجرانوالہ میں 80گھروں میں کمپریسر کے استعمال پرکریک ڈاؤن کیا گیا ہے اور اس میں غیرقانونی طریقہ سے گیس کا پریشر بڑھانے والے ان صارفین کے گیس کنکشن منقطع کر کے گیس میٹرز بھی قبضہ میں لے لئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ شیخوپورہ، ننکانہ اور سیالکوٹ سمیت ساہیوال، فیصل آباد اور دیگر شہروں میں سوئی گیس کی ٹیموں نے گزشتہ چار روز کے دوران کریک ڈاؤن کر کے سینکڑوں گھروں میں غیرقانونی طریقے سے نصب کئے گئے کمپریسر قبضے میں لے لئے ہیں۔ اس حوالے سے ایم ڈی سوئی گیس کمپنی عامر طفیل نے روزنامہ پاکستان کو بتایا کہ کمپریسر کااستعمال غیرقانونی ہے اوراس کو باقاعدہ جرم قرار دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے جی ایم سوئی گیس کمپنی لاہور ریجن شہزاد اقبال لون نے بتایا کہ لاہور کی گنجان آبادیوں میں جہاں لوپریشر کی تھوڑی بہت شکایات ہیں وہاں پر کمپریسر کااستعمال پایا گیا ہے اور اس کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے جس میں آر ایم ویسٹ عمران صفدر ورک کی نگرانی میں 6 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کمپریسر استعمال کرنے والے صارفین کے گیس کنکشن منقطع کئے جارہے ہیں،کمپریسر والے پوری گلی کی گیس کھینچ لیتے ہیں صارفین بھی ایسے عناصرکی نشاندہی1199پر فوری کریں۔

مزید : میٹروپولیٹن 1