اپوزیشن کو پروڈکشن آرڈرکا واویلا کرنے کے سوا کوئی کام نہیں،ہمایوں اختر

  اپوزیشن کو پروڈکشن آرڈرکا واویلا کرنے کے سوا کوئی کام نہیں،ہمایوں اختر

  



لا ہور(نمائندہ خصوصی) تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن کو پارلیمنٹ میں لوٹ مار اور کرپشن پر گرفتار ہونے والوں کے پروڈکشن آرڈر کا واویلا کرنے کے سوا کوئی کام نہیں،عالمی اداروں کی پاکستانی معیشت کے مستحکم ہونے بارے رپورٹس اپوزیشن پر بجلی بن کر گرتی ہیں،پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں پیش آنے والا قابل مذمت ہے اور یہ پورے معاشرے کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری کی طبی بنیادوں پر ضمانت پر رہائی کے بعد بلاول بھٹو کا بیان کہ اب کھلاڑی کا شکار کریں گے انتہائی مضحکہ خیز ہے،کرپشن کی وجہ سے جو خود احتساب کے شکنجے میں آئے ہوئے ہیں ان کی جانب سے ایسے للکارے زیب نہیں دیتے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ والے سن لیں اب کرپشن اور لوٹ مار کا کاروبار کا بوریا بستر لپیٹا جا چکا ہے اور اگر انہیں سیاست کرنی ہے تو کرپشن سے توبہ تائب اور ملک و قوم کی لوٹی ہوئی دولت واپس کرنا ہو گی۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور ان کی معاشی ٹیم کی دن رات کی کاوشوں سے معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے اور ہر آنے والا دن گزرے ہوئے دن سے بہتر ہوگا جس کے عوام پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1