چیئر پرسن قائمہ کمیٹی برائے صحت ڈاکٹر سمیرا شمس کی زیر صدارت کمیٹی کا اجلاس

چیئر پرسن قائمہ کمیٹی برائے صحت ڈاکٹر سمیرا شمس کی زیر صدارت کمیٹی کا اجلاس

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
پشاور(سٹاف رپورٹر)رکن صوبائی اسمبلی و چئیر پرسن قائمہ کمیٹی برائے صحت ڈاکٹر سمیرا شمس کی زیر صدارت کمیٹی کا اجلاس صوبائی اسمبلی کی شہید طاہرہ قاضی ھال میں جمعرات کے روز منعقد ہوا۔ اجلاس میں کمیٹی ممبران ایم پی اے ظہور احمد، ایم پی اے لیاقت علی خان، ایم پی اے مصور خان اور ایم پی اے محمد ظاہر شاہ کے علاوہ سپیشل سیکرٹری صحت ڈاکٹر فاروق جمیل،ڈین خیبر میڈیکل کالج نورلاامان اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں ایم پی اے محمد ظاہر شاہ کی جانب سے ضلع مردان کے مراکز صحت بشمول باچا خان میڈیکل کالج، ڈی ایچ کیو ہسپتال مردان، اور مردان میڈیکل کمپلیکس میں کلاس فورز کی بھرتیوں کی تفصیلات کے مطالبہ پر ساری تفصیلات کمیٹی کو فراہم کی گئیں، جبکہ مردان نرسنگ انسٹیٹیوٹ اینڈ الائیڈ سائینسز کی تفصیلات متعلقہ حکام کی غیر موجودگی کی وجہ سے مہیا نہ کئے جانے پر چیئر پرسن قائمہ کمیٹی نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو کمیٹی کے اگلے اجلاس میں پیش ہو کر تفصیلات فراہم کرنے کے ہدایات جاری کیں۔ کمیٹی کو ڈی ایچ او تیمرگرہ ڈاکٹر شوکت علی نے ڈی ایچ کیو ہسپتال تیمرگرہ کی اپگریڈیشن پر پیشرفت سے کمیٹی کو آگاہ کیا۔ انہوں نے اس اپگریڈیشن کی اہمیت بیان کی اور پراجیکٹ کے لئے جو کمیٹیز قائم ہیں ان کی کارکردگی اور ڈھانچے سے متعلق تفصیلات بتائیں۔ اس موقع پر ڈی ایچ او نے منظور شدہ فنڈز کو ریلیز کرنے اور منظور شدہ پوسٹوں پر بھرتیوں کا عمل شروع کروانے کیلئے کمیٹی سے درخواست کی۔چیئرپرسن قائمہ کمیٹی برائے صحت ڈاکٹر سمیرا شمس نے عوامی شکایات کے تحت ڈی ایچ کیو تیمر گرہ میں ماضی قریب میں کلاس فور اور ٹیکنیشنز کی بھرتیوں کی تفصیلات اگلے اجلاس میں طلب کرنے کے احکامات صادر کیے۔ ڈاکٹر نورالامان ڈین خیبر میڈیکل کالج جن کو خصوصی طور پر کمیٹی کے اجلاس میں مدعو کیا گیا تھانے اپنے تجربے کی بنیاد پر کمیٹی کو تجویز دی کہ پراجیکٹ ڈائریکٹر کی ایڈہاک کے بجائے ریگولر طور پر تقرری کے لئے ایسے شخص کی تقرری کی جائے جو میڈیکل کالج بنانے اور چلانے کا تجربہ رکھتا ہو -انہوں نے کہا کہ پراجیکٹ کمیٹیوں کی کارگردگی کو بہتر بنانے کے لیے میڈیکل آلات خریداری سے پہلے متعلقہ سپیشلسٹ ڈاکٹر کی رائے لی جائے۔انہوں نے پراجیکٹ کے لئے بنائی گئی کمیٹیوں کی کارگردگی اور جائزے کے معیار کو مضبوط بنانے کی سفارش کی۔ چیئرپرسن نے کمیٹی کے پچھلے میٹنگ میں رونما ہونے والے ناخوشگوار واقعے کی تحقیقات پر پیش رفت کے بارے میں اسمبلی سیکریٹریٹ اور محکمہ صحت سے دریافت کیا - اسمبلی سیکریٹریٹ نے سی سی ٹی وی فوٹیج سے تصدیق کرتے ہوئے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ متعلقہ شخص ڈی ایچ او تیمرگرہ کے ساتھ آئے تھے۔ جبکہ محکمہ صحت نے تحقیقات کی ہدایت سے لاعلمی کا اظہار کیا جس پر کمیٹی کے تمام ممبران نے ناراضگی کا اظہار کیااور واقعہ کی شدید مذمت کی۔ اس موقع پر ڈی ایچ او نے اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے کمیٹی سے معافی مانگی-تاہم کمیٹی نے متفقہ طور پر ڈی ایچ او کے خلاف تحریک استحقاق لانے اور محکمہ صحت کو واقعے کی تحقیقات نہ کرنے پر اظہار ناراضگی کا نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا۔