خیبر پختونخوا یوتھ اسمبلی کے انتخابات میں اتحاد پارٹی نے کلین سویپ کرلیا

  خیبر پختونخوا یوتھ اسمبلی کے انتخابات میں اتحاد پارٹی نے کلین سویپ کرلیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
پشاور(سٹی رپورٹر) خیبر پختونخوا یوتھ اسمبلی کے انتخابات میں اتحاد پارٹی نے کلین سویپ کرلیا جس کے تحت اتحاد پارٹی سے یوتھ وزیراعلیٰ‘ سپیکر اور ڈپٹی سپیکر منتخب ہو گئے۔ اس سلسلے میں گزشتہ روز ضلع کونسل ہال پشاور میں قائمقام سپیکر سید بلال جان ایڈووکیٹ کی سربراہی میں اجلاس منعقد ہوا جس میں سابق ڈی جی معدنیات منتظر شاہ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اس موقع پر ممبران صوبائی اسمبلی میاں جمشید الدین کاکاخیل‘ رابعہ بصری‘ پیر فدا ایڈووکیٹ‘ ارباب وسیم اور سابقہ ممبر صوبائی اسمبلی شازیہ طہماس سمیت دیگر نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس کے دوران مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے خیبر پختونخوا یوتھ اسمبلی کے ممبران نے اپنے علاقے کے مسائل بیان کئے اور طلبہ یونینز کی بحالی کا مطالبہ کیا جس پر ممبران صوبائی اسمبلی نے انہیں یقین دہانی کرائی کہ اس حوالے سے جلد اسمبلی میں کردار ادا کیا جائیگا۔ اجلاس کے دوران پولنگ کا عمل شروع ہوا جس میں 3 پارٹیوں جذبہ‘ اتحاد‘ خدمت پارٹی نے حصہ لیا جبکہ انتخابات کے عمل میں 9 امیدواروں نے حصہ لیا جس میں اتحاد پارٹی نے کلین سویپ کرتے ہوئے ملک اسامہ وزیراعلیٰ‘اسد خان سپیکر‘ فائقہ فلک نیاز ڈپٹی سپیکر منتخب ہوئیں۔ مہمان خصوصی سابقہ ڈی جی معدنیات منتظر شاہ نے کہا کہ طلبہ کی جانب سے سیاست میں حصہ لینا ایک اچھا اقدام ہے تاہم طلبہ کو مسائل کے حل میں اپنا کردار ادا کرنا چاہئے کیونکہ یہی طلبہ مستقبل کے سیاستدان ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ سیاست کے ساتھ ساتھ اپنی پڑھائی پر دیہان دیں تاکہ وہ مستقبل میں مختلف شعبوں میں جا کر ملک کی ترقی میں بھی اپنا کردار ادا کریں۔ ممبر صوبائی اسمبلی پیر فدا ایڈووکیٹ نے کہا کہ طلبہ سیاست میں حصہ لینے سمیت خود میں برداشت کا عنصر پیدا کریں کیونکہ برداشت کے بغیر سیاست مشکل ہے۔ سابقہ ممبر صوبائی اسمبلی شازیہ طہماس نے الیکشن میں خواتین کے حصہ لینے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ سیاست میں حصہ لینے سمیت خواتین مسائل کے حل کیلئے کام کریں اور زیادہ سے زیادہ خواتین کو تعلیم سے آراستہ کرنے کے لئے کردار ادا کریں۔