پولیس عوام کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں،ڈی آئی جی مردان ریجن
مردان(بیورورپورٹ)ڈی آئی جی مردان ریجن شیراکبر خان نے قبضہ مافیا،ہوائی فائرنگ، منشیات فروشوں اورسودخووروں کے خلاف سخت اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے اورکہاہے کہ پولیس شریف شہریوں سے بہتر رویہ اپنائیں اورتھانوں میں آنے والے سائلین کے شکایات کا بروقت ازالہ کریں وہ ریجن کے چاروں اضلاع کے پولیس افسران کے کرائم میٹنگ سے خطاب کررہے تھے اعلیٰ سطحی کرائم میٹنگ میں ڈی پی او مردان سجاد خان، ڈی پی او چارسدہ عرفان اللہ خان، ڈی پی او صوابی عمران شاہد، ڈی پی او نوشہرہ کاشف زلفقار اور تمام ایس پیزانوسٹی گیشن نے شرکت کی۔ اجلاس میں ڈی آئی جی مردان نے ماہ نومبر میں جرائم کی شرح اور پولیس کارکردگی کا جائزہ لیا اورتمام ڈی پی اوز کو کرائم کنٹرول کرنے اور عوام کو پر امن ماحول فراہم کرنے کی ہدایات جاری کئے ڈی آئی جی مردان شیر اکبر خان نے خطاب کرتے ہوئے اہلکاروں کو ہدایت کی کہ عوام کے ساتھ بہترین رویہ اپنایا جائے اور انکی شکایات پر فوری عمل درآمد کیا جائے، مقدمات کی غیر جانبدارانہ تفتیش کو یقینی بناتے ہوئے جلداز جلد یکسوء کیا جائے اور چالان بروقت داخل عدالت کیے جائیں۔عوامی شکایات،میرا بچہ ایپ، سٹیزن پورٹل،پولیس ایکسیس سروس، ڈسٹرکٹ اور ریجنل کمپلینٹ سیل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ڈی آئی جی مردان نے کہا کہ تمام موصول ہونے والی شکایات کو جلد از جلد حل کیا جائے، انہوں نے کہا کہ تمام ڈی ایس پیزخود گشت کریں اور گشت کے نظام کو مانیٹربھی کریں۔سنگین مقدمات میں مطلوب مجرمان اشتہاریوں کی گرفتار ی کو یقینی بنایا جائے۔ قبضہ مافیا،ہوائی فائرنگ، منشیات فروشوں اورسودخووروں کے خلاف سخت سے سخت کاروائی عمل میں لائی جائے۔ڈی آئی جی مردان نے کہا کہ عوام کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور درخواست گزار کے مسائل بروقت حل کیے جائیں۔تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے مظلوموں کی داد رسی کو یقینی بنایا جائے۔