کارپوریٹ چیلنج کپ‘ آئبیکس، جاز اور نووا میڈ نے اپنے اپنے میچز جیت لیے

کارپوریٹ چیلنج کپ‘ آئبیکس، جاز اور نووا میڈ نے اپنے اپنے میچز جیت لیے

  



لاہور (سپورٹس رپورٹر) کارپوریٹ چیلنج کپ کے مقابلوں میں آئبیکس، جاز اور نووا میڈ نے اپنے اپنے میچز جیت لیے۔ ویلنشیا کرکٹ گراؤنڈ اور ریس کورس کرکٹ گراؤنڈ میں کارپوریٹ چیلنج کرکٹ کپ 2019-20 کا آغاز ہوگیا۔ ویلنشیا کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے پہلے میچ میں آئبیکس گلوبل کی ٹیم نے یو سی ایس کو 6 وکٹوں سے شکست دی۔ یو سی ایس کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 146 رنز بنائے، محمد کاشف 18 گیندوں پر 52 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ ولید گوندل نے 4 اور حمزہ فاروق نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ آئبیکس کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، حمزہ فاروق نے 57 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ حمزہ فاروق کوآل راؤنڈ کارکردگی پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ ویلنشیا کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں نووا میڈ نے سینامیٹکس ٹیکنالوجی کو 73 رنز سے شکست دے دی۔ نووا میڈ کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 177 رنز بنائے۔ محمد عمیر نے 91 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ باسط علی نے مخالف ٹیم کے 4کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ جواب میں سینامیٹکس ٹیکنالوجی کی ٹیم 104 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

عمر طاہر نے شاندار بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اورمین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کیا۔ ریس کورس کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں جاز نے ڈی پی ایس کو 5 وکٹوں سے شکست دی۔ ڈی پی ایس کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 140 رنز بنائے۔ امتیاز انور 34 رنز بناکر نمایاں رہے۔ جاز کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 5وکٹوں کے نقصان پر آخری اوور میں حاصل کیا۔ اعجاز بلوچ نے 42 رنز کی اننگز کھیلی۔ اعجاز بلوچ کو آل راؤنڈ کارکردگی پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی


loading...