عربی زبان کے احیاء میں برصغیر کی خدمات نمایاں ہیں ،مفتی تقی عثمانی

  عربی زبان کے احیاء میں برصغیر کی خدمات نمایاں ہیں ،مفتی تقی عثمانی

  



کراچی(اسٹاف رپورٹر) جامعہ فاروقیہ کراچی کے زیر اہتمام طلبہ کے درمیان عربی تقاریر اور اناشید کے مسابقہ کی تقریب منعقد ہوئی،تقریب کے مہمان خصوصی عالم اسلام کی معروف دینی شخصیت مفتی محمد تقی عثمانی تھے ۔ جبکہ سعودی قونصلر شیخ محمد خالد عتیبی،وفاق المدارس سندھ کے ناظم مولانا امداد اللہ یوسف زئی،میڈیا کوآرڈینیٹر مولانا طلحہ رحمانی،دارالعلوم کراچی کے ناظم تعلیمات مولانا راحت علی ھاشمی،جامعہ بیت السلام کے مہتمم معروف اسکالر مولانا عبدالستار،جامعہ فاروقیہ کے ناظم تعلیمات مولانا محمد خلیل،مولانا محمد انور،معہدالخلیل کے مہتمم مولانا محمد الیاس مدنی،جامعہ بنوریہ العالمیہ کے نائب مہتمم مولانا نعمان نعیم،جدہ سے تشریف لائے ہوئے مہمان مولانا قاری اسامہ رفیق،جے یو آئی کے رہنماء قاری محمد عثمان،ادارہ معارف القرآن کے مہتمم مولانا عبد الوحید سمیت دیگر نے بھی شرکت کی ۔ مہمان خصوصی مفتی محمد تقی عثمانی نے اپنے کلیدی خطاب میں کہا کہ عربی زبان وادب کے احیاء کیلئے خطہ پاک وہند کی خدمات کو اللہ نے قبول فرمایا ہے، دینی مدارس جہاں دیگر علوم و فنون میں نمایاں کام کررہے ہیں وہیں عربی زبان اور عربی ادب کیلئے بھی مثالی خدمات انجام دے رہے ہیں ،اس مثالی کام کا نمونہ آج جامعہ فاروقیہ کے اس مسابقہ کو دیکھ کر انتہائی مسرت ہوئی،دیگر اداروں کو بھی چاہئیے کہ اس نہج پہ عربی زبان وادب کیلئے مزید کام کریں ،انہوں مزید کہا اس قسم کے مسابقوں سے طلبہ میں ذوق وشوق میں اضافہ کا سبب بنتا ہے ۔ جامعہ فاروقیہ کے مہتمم و شیخ الحدیث مولانا ڈاکٹر محمد عادل خان نے کہا کہ آج دنیا میں اسلامی علوم وفنون کا بہت بڑا خزانہ عربی زبان میں ہے اس سے استفادہ کیلئے علماء نے بے مثال خدمات انجام دی ہیں اور ہماری کوشش ہے کہ اس میدان میں اپنے اداروں میں عربی زبان میں کام کو فروغ دیا جائے،انہوں نے کہا طلبہ کے مابین اس قسم کے مقابلوں سے ان صلاحیتوں میں اضافہ کا سبب بنتا ہے،انہوں نے مزید کہا کہ جامعہ فاروقیہ فیز ٹو میں درس نظامی کے تمام درجات عربی زبان میں ہی پڑھائے جارہے ہیں اور ہمارے جو اساتذہ بین الاقوامی معیار کی عربی تعلیم میں خدمات انجام دے رہے ہیں وہ ہمارے ان دینی اداروں کے ہی پڑھے ہوئے ہیں ،انہوں نے کہا کہ ہ میں اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ ہم نے مستقبل کے دینی علماء و رہنماؤں کو عربی زبان اور عربی ادب کی مہارت کیلئے کام کرنا ہے،مولانا ڈاکٹر محمد عادل خان نے اعلان کیا کہ عربی زبان کو فروغ دینے کیلئے ان شاء اللہ جلد بین المدارس مقابلوں کا اہتمام جامعہ فاروقیہ میں کیا جائے گا ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر


loading...