اسلام آباد میں کشمیر مارچ عوام کی آواز ثابت ہوگا ،ڈاکٹراسامہ رضی

    اسلام آباد میں کشمیر مارچ عوام کی آواز ثابت ہوگا ،ڈاکٹراسامہ رضی

  



کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی حلقہ کراچی کے نائب امیر ڈاکٹر اسامہ رضی نے کہا ہے کہ مہنگائی، بھتہ خوری سے نجات سے لیکر شہر کراچی کی روشنیوں کی بحالی تک، حل صرف کرپشن سے پاک دیانتدار قیادت ہے ۔ 22 دسمبر کو اسلام آباد میں سینیٹر سراج الحق کی قیادت میں کشمیر مارچ مظلوم کشمیری عوام کی آواز اور امید کی کرن ثابت ہوگا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی سندھ کے میڈیا سیل میں بات چیت کے دوران کیا ۔ قبل ازیں انہوں نے صوبائی سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا سے ہمشیرہ اور ناظم ٹرانسپورٹ زاہد حسین راجپر سے والدہ کی وفات پر اظہار تعزیت ، مرحومین کی مغفرت و درجات بلندی کی دعا کی ۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے ڈپٹی جنرل سیکریٹری و سابق رکن سندھ اسمبلی محمد یونس بارائی، میڈیا سیل کے ذمہ داران وزیر علی جمالی، ریاض احمد صدیقی، شاہ نواز قائم خانی بھی موجود تھے ۔ ڈاکٹر اسامہ رضی نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی نے پانی بحران اور شناختی کارڈ سے لیکر عوامی مسائل کے حل کےلئے ہمیشہ عوام کی نمائندگی کر کے ان کے حقوق کی جنگ لڑی ہے ۔ جماعت اسلامی کے نامزد میئر عبدالستار افغانی، سٹی ناظم نعمت اللہ خان سمیت تمام نمائندوں کا کردار و کارکردگی پوری قوم کے سامنے ہے ۔ آئندہ بلدیاتی انتخابات میں ہوم ورک کے ساتھ اہل کراچی کو با صلاحیت و دیانتدار نمائندوں کے انتخاب کا موقع دیں گے ۔ عوام نے موقع دیا تو ایک بار پھر ان کی امیدوں کے مطابق شہر کراچی کو چمکتا، مہکتا ،ترقی یافتہ اور پر امن شہر دیں گے ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر