پروگریسو گروپ کا پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پر حملہ پر اظہار افسوس

    پروگریسو گروپ کا پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پر حملہ پر اظہار افسوس

  



لاہور (این این آئی) لاہور چیمبر کے ممبران پر مشتمل پروگریسو گروپ نے بدھ کے روز وکلاء کے ایک گروپ کی جانب سے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پر حملہ اور توڑ پھوڑ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معاشرے کے دو پڑھے لکھے طبقات میں اس طرح کا تصادم معاشرے میں بڑھتے ہوئے عدم برداشت کی طرف نشاندہی کرتا ہے۔ پروگریسوگروپ کے صدر خالد عثمان، نا ئب صدر محمد ارشد چوہدری اور ڈپٹی سیکرٹری محمد اعجاز تنویر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ حکومت کو اس طرف توجہ دینی چاہیے کہ معاشرے کے پڑھے لکھے لوگ کیوں اس طرح باہم دست و گریباں ہیں۔ اس واقعہ نے پاکستانیوں کے سر شرم سے جھکا دیے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو اس طرف بھی دیکھنا چاہئیے کہ وکلاء کی ریلی ایوان عدل سے نکلی اور پیدل چلتی ہوئی پنجاب انسٹی ٹیوٹ تک پہنچی اور اس دوران کہیں بھی ہماری سیکورٹی ایجنسیز اور امن و امان قائم رکھنے والے دوسرے اداروں کو اس کی بھنک بھی نہ پڑی تاکہ اس افسوسناک واقعہ سے بچا جا سکتا۔ حکومت کو پولیس کی اس نہ صرف اس نا اہلی کا نوٹس لینا چاہیے جبکہ موقع پر پہنچنے والے پولیس اہلکاروں کا ان وکلا ء پر جو کہ بیچ بچاوء کروانے پہنچے تھے پر تشدد کا بھی نوٹس لینا چاہییے۔ پروگریسو گروپ نے اس معاملہ کی مکمل تفتیش اور اس میں ملوث پائے جانے والے عناصر کے خلاف قرار واقعی سزا کا بھی مطالبہ کر دیا۔

مزید : کامرس