نیشنل گیمز کے کامیاب انعقاد کے بعد صوبائی گیمز کا انعقاد کیا جائیگا: محمد عاطف خان
پشاور(سٹاف رپورٹر) خیبر پختون خوا کے سینئر وزیر برائے کھیل و سیاحت عاطف خان نے کہا ہے کہ نیشنل گیمز کے کامیاب انعقاد کے بعد صوبائی گیمز کا انعقاد کیا جائیگا۔صوبائی گیمز تحصیل اور پھر ضلع کی سطح پر منعقد کئے جائینگے تاکہ نچلی سطح پر نوجوانوں کو کھیل کے مواقع فراہم ہوسکیں اور باصلاحیت کھلاڑی آگے آجائیں،صوبائی گیمز میں 32 مختلف مقابلوں میں کھلاڑی حصہ لیں گے۔ یہ فیصلہ سینئر وزیر عاطف خان کی زیرصدارت سپورٹس منیجمنٹ کمیٹی کے اجلاس میں ہوا۔اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل سپورٹس اسفندیار خٹک، ڈائریکٹر آپریشن سپورٹس ثقلین شاہ سمیت کھلاڑیوں اور کوچز نے شرکت کی۔اجلاس میں کھلاڑیوں کو ٹریننگ کے لیے 100 کوچز بھرتی کرنے کا فیصلہ بھی فیصلہ ہواجن میں فزیو تھراپسٹ اور سائیکالوجسٹ بھی شامل ہوں گے۔ کھیل کے میدان میں خواتین کو آگے لانے کے لئے بھی کوچز بھرتی کئے جائینگے،اسکے علاوہ بین الاقوامی کوچز کی خدمات لینے پر بھی غور کیا گیا۔اجلاس میں مختلف کھیلوں میں خواتین کی شرکت بڑھانے کے لئے کمیٹی بنانے کا بھی فیصلہ ہوا۔سینئر وزیر نے محکمہ کھیل کے حکام کو جلد ازجلد ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کرنے کے لئے سالانہ بجٹ پروگرام شروع کرنے کی بھی ہدایت کی۔ سینئر وزیر نے کہا کہ محکمہ کھیل کی جانب سے کھلاڑیوں کے لیے ہیلتھ انشورنس سکیم بھی شروع کی جائیگی۔سینئر وزیر نے کہا کہ میڈلز جیتنے والے خیبر پختون خوا کے کھلاڑیوں کو اگلے مہینے سے ماہانہ اعزازیہ پروگرام شروع کیا جارہا ہے، 20 ہزار گولڈ میڈل، 15 ہزار سلور اور 10 ہزار براونز میڈل جیتنے والے کھلاڑیوں کو ماہانہ اعزازیہ دیا جائیگا، اسکے علاوہ بین الاقوامی سطح پر صوبے کے کھلاڑیوں کو صوبائی حکومت سپانسر کریگی،انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کھیلوں کے فروغ کے لئے سنجیدہ اقدامات اٹھارہی ہے۔ضم شدہ اضلاع سمیت خیبر پختون خوا میں کھیلوں کے فروغ پر 26 ارب روپے خرچ کیے جارہے ہیں، ضم شدہ اضلاع میں کھیلوں کے فروغ کے لئے ساڑھے 8 ارب روپے کے مختلف ترقیاتی سکیموں کی منظوری دی جا چکی ہے