مقبوضہ کشمیرمیں بڑے پیمانے پرخونریزی اورنسل کشی کا خطرہ ہے،منیر اکرم
نیویارک(ڈیلی پاکستان آن لائن)اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیرمیں بڑے پیمانے پرخونریزی اورنسل کشی کا خطرہ ہے۔
جیونیوز کے مطابق ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کشمیر میں بھارتی اقدامات دراصل ہندو تنگ نظری اورمنظم اسلام دشمنی کا نتیجہ ہیں۔مودی سرکاراورآرایس ایس نے دھونس، تشدد، تعصب سے ریاستی مشینری پرقبضہ کرلیا ہے۔بھارت میں فسطائی نظام رائج کر کے مسلم شناخت اور ورثے کو مٹایا جا رہا ہے۔آر ایس ایس نظریے کے فروغ کا مقصد بھارت کو ہندو ریاست بنانا ہے۔
منیراکرم نے بھارت میں ہندوتواانتہاپسندی اورمودی سرکارکی مسلم دشمن پالیسیوں کوبے نقاب کیا۔منیراکرم نے کہا عالمی برادری نے بھارتی جارحیت روکنے میں کردارادا نہ کیا توامن کوشدید خطرہ ہوسکتاہے۔