پاکستان کے کرنٹ اکاونٹ خسارے میں دراصل کتنے فیصد کمی ہوئی ہے؟ حکومت نے اعدادوشمار جاری کردیئے
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے اعدادوشماربتاتے ہوئے کہاہے کہ رواں سال کرنٹ اکاونٹ خسارے میں 73فیصدواضح کمی آئی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر کئے گئے سلسلہ وارٹویٹس میں انہوں نے کہا”وزیراعظم عمران خان نے کٹھن حالات میں ملک کو سنبھالا اور دیوالیہ ہونے سے بچایا۔وزیراعظم کی قیادت اور معاشی ٹیم کی انتھک محنت کے باعث پاکستان معاشی استحکام کی منزل کی جانب تیزی سے رواں دواں ہے۔روپے کی قدراور غیر ملکی سرمایہ میں اضافہ ملک وقوم کے لئے نیک فال ہے۔“
انہوں نے مزید کہا کہ ”رواں سال کرنٹ اکاونٹ خسارے میں 73 فیصدواضح کمی آئی۔ کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے حوالے سے پاکستان کی 28 درجے بہتری اور موڈیز کا آوٹ لک منفی سے مستحکم قرار دینا بین الاقوامی اداروں کا ملکی معیشت کے بہتر ہونے کا اعتراف ہے۔
مشیر اطلاعات نے سٹاک ایکسچینج میں ہونے والی بہتری پر بھی بات کی ہے۔
انہوں نے کہا”پاکستان کی سٹاک ایکسچینج نے جولائی سے 6 دسمبر تک انیس اعشاریہ آٹھ فیصد (٪19.8)کا ریٹرن دیا جو گزشتہ 6سال کے دوران سب سے زیادہ ہے۔