راولپنڈی ٹیسٹ ، شائقین کرکٹ کا مزہ کرِکرِا ہو گیا ، تیسرے روز کا کھیل ہی شروع نہ ہو سکا کیونکہ ۔۔
راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان کی سر زمین پر انٹر نیشنل کرکٹ لوٹ آئی ہے تاہم سری لنکا کیخلاف راولپنڈی میں جاری پہلا ٹیسٹ بارش سے شدید متاثر ہے اور شائقین کا مزہ کرِکرِا ہو گیاہے ۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ کا تیسرے روز کا کھیل بارش کے باعث شروع ہی نہیں ہو سکا ہے ۔سری لنکا نے دوسرے روز کے کھیل کے اختتام پر چھ وکٹوں کے نقصان پر 263 رنز بنا لیے تھے ۔
تفصیلات کے مطابق میچ کے پہلے روز بھی کم روشنی کے باعث میچ وقت سے پہلے ہی ختم کر دیا گیا تھا تاہم کھیل کے دوسرے روز سری لنکا نے دوسرے روز کے کھیل کا آغاز کیا تو بارش نے کھیل رکوا دیا اور اس وقت تک سری لنکا نے 222 رنز بنا لیے تھے تاہم بارش رکنے کے بعد میچ کھانے کے وقفے کے بعد دوبارہ شروع ہوا لیکن ایک مرتبہ پھر سے روشنی کم ہو گئی جس کے باعث میچ کو وقت سے پہلے ختم کرنا پڑا ۔سری لنکا نے پانچ وکٹوں کے نقصان اور 202 رنز سے دوسرے روز کے کھیل کا آغاز کیا اور ابھی 20 رنز ہی بنائے تھے کہ بارش شروع ہو گئی جس کے باعث میچ کو روک دیا گیا اور پچ کو کور کر دیا گیا۔
راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو ابتدائی سیشن تک درست ثابت ہوا اور سری لنکن اوپنرز نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 96 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ سری لنکا کی جانب سے ڈیموتھ کرونارتنے نے 59 رنز بنائے جبکہ اوشاڈا فرنینڈو نے 40، کوشل مینڈس نے 10، دنیش چندی مل نے 2 اور اینجلو میتھوز 14 رنز بنائے ، ڈیکویلا 33 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر بابر اعظم کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔دھنانجیادی سلو 72 رنز اور پریرا 2 سکور کے ساتھ وکٹ پر موجود ہے ہیں۔
کھیل کے ابتداءمیں ناکامی کے بعد پاکستانی فاسٹ باولرز نے کھیل میں واپسی کرتے ہوئے چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھا دی ہے۔ قومی ٹیم کی جانب سے نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی نے دو ،دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ محمد عباس، اور عثمان خان شنواری نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی ہے۔
واضح رہے کہ میچ کیلئے قومی ٹیم کی قیادت اظہر علی کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں شان مسعود، عابد علی، بابراعظم، حارث سہیل، اسد شفیق، محمد رضوان، عثمان شنواری، محمد عباس، نسیم شاہ اور شاہین آفریدی شامل ہیں۔
سری لنکن ٹیم کی قیادت ڈیموتھ کرونارتنے کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں اوشاڈا فرنینڈو، کوشل مینڈس، دنیش چندی مل، اینجلو میتھیوز، دھنانجیا دی سلوا، نیروشن ڈیکویلا، دلرووان پریرا، ویشوا فرنینڈو، کسون راجیتھا اور لاہیرو کمارا شامل ہیں۔