سانحہ پی آئی سی ، فواد چوہدری اور فیاض الحسن چوہان ایک مرتبہ پھر آمنے سامنے ، واضح موقف آگیا
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن ) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہاہے کہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پر حملے کا تعلق کسی سیاسی جماعت سے جوڑنا درست نہیں ہے ، یہ بار کی اپنی سیاست ہے جبکہ فیاض الحسن چوہان کا موقف اس کے بالکل برعکس ہے اور انہوں نے پی آئی سی پر حملے کو ن لیگ کی سازش قرار دیا تھا ۔
نجی ٹی وی ہم نیوز کے پروگرام میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہناتھا کہ جن وکلا نے پاکستان انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی پر حملہ کیا ہے ان کو سزا دیکر مثال قائم کریں گے ،انہوں نے کہا کہ حکومت کی رٹ قائم ہونی چاہیے اور پریشر گروپ حاوی نہیں ہونے چاہئیں۔ حسن نیازی وزیر اعظم عمران خان کے بھانجے کے علاوہ وزیر اعظم کے ناقد حفیظ نیازی کا بیٹا بھی ہے۔
انہوں نے فیاض چوہان اور معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کے ن لیگ پر لگائے گئے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ایسا کچھ نہیں ہے یہ وکلا ہی تھے کسی سیاسی جماعت سے تعلق نہیں تھا ان کی اپنی بار کی سیاست ہے۔
یاد رہے کہ صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے پریس کانفرنس کے دوران پی آئی سی میں وکلا کے حملے کو مسلم لیگ ن کی سازش قرار دے دیا۔انہوں نے کہا کہ وکیلوں کے اس حملے کے پیچھے مسلم لیگ ن کے ایکٹویسٹ ہیں۔ن لیگ کے ایک ایکویسٹ کی نشاندہی بھی ہو گئی ہے جو حمزہ شہباز کا بہت قریبی ہے اور اس نے مجھ پر حملہ کروایا ،مسلم لیگ ن نے یہ سازش کی تھی کہ وکلا ءکو مشتعل کر کے پنجاب حکومت کے خلاف استعمال کیا جائے گا۔