سانحہ پی آئی سی ، وکلا کو چائنہ چوک پر روکے جانے کی اطلاعات لیکن انہوں نے پولیس کو کیا یقین دہانی کرائی تھی ؟ سی سی پی او نے دعویٰ کردیا

سانحہ پی آئی سی ، وکلا کو چائنہ چوک پر روکے جانے کی اطلاعات لیکن انہوں نے ...
سانحہ پی آئی سی ، وکلا کو چائنہ چوک پر روکے جانے کی اطلاعات لیکن انہوں نے پولیس کو کیا یقین دہانی کرائی تھی ؟ سی سی پی او نے دعویٰ کردیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(کرائم رپورٹر) سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید نے کہا ہے کہ ایک رات پہلے وکلا اور ڈاکٹرز میں مذاکرات کرائے گئے تھے۔ فریقین میں طے ہوا کہ مسئلہ حل ہوگیا ہے۔ پولیس نے چائنہ چوک پر وکلا کو روکا تھا لیکن انہوں نے یقین دلایا کہ احتجاج پرامن ہوگا۔ پی آئی سی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایف آئی آر درج ہوچکی ہے۔ پی آئی سی واقعے کی تمام فوٹیجز حاصل کر لی ہیں۔ تشدد میں ملوث وکلا کی نشاندہی کی جارہی ہے۔ بہت سے لوگوں کی شناخت مکمل ہوگئی ہے۔ قانون اپنا راستہ لے گا۔ تمام کارروائی قانون کے مطابق ہوگی۔

سی سی پی او نے کہا کہ پولیس پر سوال اٹھانا بنتا نہیں۔ آنسو گیس کا استعمال معاملے کو دیکھتے ہوئے کیا۔ پولیس نے 2 مرتبہ وکلا کو پی آئی سی سے باہر دھکیلا اور تیسری بار ہسپتال میں داخل ہونے پر پولیس نے وکلا کے خلاف طاقت کا استعمال بھی کیا۔ کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں۔ قانون کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ تمام اہم مقامات پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے۔ قانون کے مطابق احتجاج ریکارڈ کرانے پر کچھ نہیں کہیں گے۔ قانون توڑنے پر پولیس ایکشن لے گی۔ پولیس تمام حالات کو قابو کرنے کے لئے تیار ہے۔

قبل ازیں ذوالفقار حمید نے شہر کے مختلف مقامات کا دورہ کرکے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے پنجاب اسمبلی ہال، پی آئی سی، لاہور ہائیکورٹ اور سول سیکرٹریٹ کے باہر تعینات پولیس جوانوں سے ملاقات کر کے ضروری ہدایات دیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پولیس کے جوان قانون کے مطابق اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔