صحافیوں اور میڈیا مالکان کے مسائل حل کرنے کیلئے کمیٹی قائم،وزیراعظم سربراہ ہوں گے،فردوس عاشق

صحافیوں اور میڈیا مالکان کے مسائل حل کرنے کیلئے کمیٹی قائم،وزیراعظم سربراہ ...
صحافیوں اور میڈیا مالکان کے مسائل حل کرنے کیلئے کمیٹی قائم،وزیراعظم سربراہ ہوں گے،فردوس عاشق

  



اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے آزادی اظہاررائے سے متعلق غلط بیانی کی ہے۔یہ تاثردیا جارہاہے کہ صحافیوں کو آزادی اظہاررائے کا حق حاصل نہیں ہے۔میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہاپراپیگنڈا کیاجارہا ہے کہ صحافیوں کو کام نہیں کرنے دیا جارہا۔حکومت میڈیا ورکرز اور مالکان کے درمیان ایک پل بننے جارہی ہے۔

صحافیوں کے مسائل حل کرنے کیلئے وزیراعظم نے ذاتی دلچسپی لی ہے۔میڈیا مالکان اور صحافیوں کے مسائل حل کرنے کیلئے وزیراعظم نے کمیٹی تشکیل دی ہے جس کی سربراہی وہ خود کررہے ہیں۔ مشیر اطلاعات اس کمیٹی کی کوآرڈینیٹر ہوں گی، جبکہ صحافتی تنظیموں کے نمائندگان اور اراکین پارلیمنٹ بھی اس کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔کمیٹی مالکان سے ملے گی، اگر ان کے حکومت کے پاس کوئی بقایا جات ہیں تو وہ معاملات طے کئے جائیں گے۔وزیراعظم ملکی میڈیاکوایک طاقت بناناچاہتے ہیں تاکہ اس کی آڑ میں ملکی مفادات پر انگلی اٹھانے والوں کو بے نقاب کیاجاسکے۔وہ اس مسئلے کو ہمیشہ کیلئے حل کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا جن ’گرویدہ‘صحافیوں کوحکومت سے تحفظات ہیں انہیں اورڈرائینگ روم میں بیٹھ کرپاکستان مخالف پراپیگنڈا کرنے والوں کو اوپن فورم میںبلاکران کے گلے شکوے سنیں گے اور اگر ان کے کوئی جائز تحفظات ہیں تو وہ دور کئے جائیں گے۔پاکستان کو بدنام کرنے والوں کو اب اپنا سودا بیچنے کیلئے کوئی مقام نہیں ملے گا۔

فردوس عاشق اعوان نے کہاپاکستان کے مثبت امیج کیلئے اقدامات کررہے ہیں۔پاکستان کو سیاحت کیلئے پسندیدہ ملک قراردیا جا رہا ہے۔تمام عالمی ریٹنگ ایجنسیزپاکستانی معیشت سے متعلق مثبت اشارے دے رہی ہیں۔معاشی اعدادوشماربتاتے ہیں کہ معیشت میں بہتری آرہی ہے۔

مزید : قومی


loading...