وہ مچھلی جو 268سال سے زندہ ہے

وہ مچھلی جو 268سال سے زندہ ہے
وہ مچھلی جو 268سال سے زندہ ہے

  



کنبرا(مانیٹرنگ ڈیسک) آسٹریلوی سائنسدانوں نے ایک ایسی طویل العمر ترین وہیل مچھلی دریافت کر لی ہے جس کی عمر اتنی زیادہ ہے کہ سن کر انسان رشک کرنے لگیں گے۔ میل آن لائن کے مطابق یہ ’بو ہیڈ‘ (Bowhead)نسل کی وہیل مچھلی ہے جس کی عمر 268سال ہے۔ اس لحاظ سے وہ امریکہ سے صرف 25سال چھوٹی ہے اور اڑھائی صدیوں سے زائد عرصے سے بحر قطب شمالی (Arctic) میں تیر رہی ہے۔

کنبرا میں واقع کامن ویلتھ سائنٹیفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ آرگنائزیشن کے سائنسدانوں کے مطابق یہ وہیل مچھلی ممالیہ جانوروں میں طویل ترین عرصے تک زندہ رہنے والا جانور بن گئی ہے۔ اب تک کسی ممالیہ جانور کے اتنی عمر پانے کا ریکارڈ موجود نہیں ہے۔ تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر بنیامین کا کہنا تھا کہ2007ءمیں ایک وہیل مچھلی مردہ حالت میں ملی تھی اور اس کے جسم میں 200سال قدیم نیزا چبھا ہوا تھا، جو دو صدیاں قبل کسی شکاری نے اس کو مارا اور آخری دم تک اس کے جسم میں پیوست رہا۔جس کا مطلب تھا کہ اس مچھلی کی عمر بھی 200سال سے زائد تھی۔ اسی طرح بو ہیڈ قسم کی ایک وہیل مچھلی اس سے قبل دریافت کی جا چکی ہے جس کی عمر 211سال تھی۔واضح رہے کہ بوہیڈ وہیل کی اوسط عمر دنیا میں تمام ممالیہ جانوروں سے زیادہ ہے اور انسانوں سے تو کہیں زیادہ ہے جن کی اوسط عمر آج کے دور میں صرف 38سال ہے۔

مزید : ڈیلی بائیٹس