حکومتی پالیسیوں سے کاروبار تباہ ہورہا ہے، اویس چوہدری

حکومتی پالیسیوں سے کاروبار تباہ ہورہا ہے، اویس چوہدری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(این این آئی)پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن کے مرکزی رہنما محمد اویس چوہدری ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے کاروبار ی سرگرمیاں عروج پکڑنے کی بجائے مانند پڑ رہی ہے،تحریک انصاف نے معاشی ترقی اور عوام کی زندگیوں میں خوشحالی لانے کیلئے اپنے منشور میں جن نکات کا ذکرکیا تھا ان میں سے ایک پر بھی عملدرآمد نہیں کیا گیا،سالانہ ترقیاتی پروگرام کیلئے مختص بجٹ کا ایک بڑا حصہ شاہراہوں کی تعمیر پر خرچ ہوتا ہے لیکن ایکسل لوڈ لمٹ کے قانون پر عملدرآمد نہ ہونے کی وجہ سے یہ وسائل ضائع ہو رہے ہیں۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ آج ہر شعبہ تنزلی کا شکارہے جس کی بنیادی وجہ عدم استحکام کی صورتحال ہے۔
 پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور یوٹیلٹی بلز میں کئی گنااضافے نے معیشت کی ترقی کو بریک لگا دی ہے اور رہی سہی کسر آئی ایم ایف کی کڑی شرائط نے نکال دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک حکومت خودانحصاری کی منزل کی جانب سفرشروع نہیں کر ے گی ہماری مشکلات حل نہیں ہو سکتیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت سے پرزورمطالبہ ہے کہ عدلیہ کی جانب سے ملک کے بہترین مفادمیں دئیے گئے ایکس لوڈلمٹ قانون پر عملدرآمدکے حکم کو من وعن نافذکیاجائے تاکہ قومی شاہراہوں کی صورت میں موجود اربوں روپے کے اثاثے اورحادثات کی وجہ سے قیمتی جانیں لقمہ اجل ہونے سے بچ سکیں۔

مزید :

کامرس -