چار روزہ میچ،آسٹریلیا اے نے انگلینڈ لائنز کو ہرا دیا
برسبین (اے پی پی):آسٹریلیا اے نے چار روزہ ٹور میچ میں انگلینڈ لائنز کو 112 رنز سے ہرا دیا۔ اتوار کو برسبین میں میچ کے چوتھے اور آخری روز انگلینڈ لائنز کی ٹیم 460 رنز کے تعاقب میں 347 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ جیمز بریسی نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 113 رنز بنائے۔ دیگر بلے بازوں میں بین فوکس 73، جوش بوہینن 51 اور روب ییٹس 41 رنز بناکر نمایاں رہے۔ آسٹریلیا اے کی جانب سے مائیکل نیسر، مارک سٹیکٹی، مچل سویپسن اور میٹ رینشا نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ واضح رہے کہ انگلینڈ لائنز کی ٹیم آسٹریلیا اے کی پہلی اننگز 213 رنز کے جواب میں 103 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی جبکہ آسٹریلیا اے نے دوسری اننگز 349 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کر دی تھی۔ مائیکل نیسر کو میچ میں 7 وکٹیں حاصل کرنے پر مرد میدان قرار دیا گیا فاتح ٹیم نے کامیابی حاصل کرنے کے بعد خوب جشن منایا کپتان نے کہا کہ ٹیم نے بہت عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور جس طرح سے کھیل پیش کیا امید ہے کہ اسی طرح سے ٹیم اگلے میچ میں بھی محنت سے کھیلے گی اور کامیابی حاصل کرے گی۔