پلوامہ میں بھارتی ریاستی دہشتگردی، ایک نوجوان شہید، انڈین میجر نے خود کشی کر لی 

Dec 13, 2021


       سرینگر،نئی دہلی،جموں (نیوزایجنسیاں) مقبوضہ  کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشتگردی جاری ہے بھارتی فورسز نے نام نہاد سرچ آپریشن کی آڑ میں ایک کشمیری نوجوان کو شہید کردیا۔ کشمیر میڈ یا سروس کے مطابق بھارتی فورسز نے ضلع پلوامہ میں نام نہاد سرچ آپریشن کی آڑ میں ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں ایک کشمیری نوجوان کو شہید کردیا۔ نوجوان کو بھارتی فوجیوں، نیم فو جی دستوں اور پولیس اہلکاروں نے ضلع پلوامہ کے علاقے باراگام میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا۔ آخری اطلاعات آنے تک سرچ آپریشن ابھی بھی جاری تھا۔ قابض انتظا میہ نے علاقے کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کو بند کردیا اور علاقے کی موبائل اور انٹرنیٹ سروس بھی معطل کردی ہے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ وادی کے ضلع رامبن کے علا قے مہوبل میں 23 راشٹریہ رائفلز کی الفا کمپنی کے کمانڈر میجر پرویندر سنگھ نے اپنے رہائشی کوارٹرپر اپنی سروس رائفل اے کے47 سے خود کو گولی مارکر خود کشی کرلی۔ مودی حکومت مسلم مخالف ا قد امات میں حد سے بڑھ گئی، گڑ گاوں میں کھلی جگہوں پر نماز ادا کرنے پر پابندی لگا دی گئی۔ بھارت کی ریاست ہریانا کے وزیراعلی منوہر لعل کھتر نے شہر گڑ گاوں میں کھلی جگہوں پر نماز ادا کرنے پر پابندی لگا دی۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا مذہبی مقامات پر فرائض کی ادائیگی کیلئے کھلی جگہوں کا استعمال ناقابل قبول ہے۔ وزیر اعلی منوہر لعل کھتر کے اس بیان پر بھارتی مسلمانوں میں غم و غصہ پایا جارہا ہے۔ ہندو انتہا پسندوں نے مسلمانوں کی نماز کی ادائیگی کے مقام پر قبضہ کر کے پوجا پاٹھ شروع کر دی۔ غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ نے جموں کے لوگوں کے حقوق کی خاطر جدوجہد کرنے کیلئے جموں خطے کی تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کی تجویز پیش کی ہے۔سرینگر میں ایگزیکٹیو مجسٹریٹ کی طرف سے جاری کردہ ایک حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ پی ڈی پی کوگپکار میں یوتھ کنونشن منعقد کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی پولیس نے حریت رہنما مشتاق الاسلام کو سرینگر سے گرفتار کر لیا۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق پولیس نے انہیں شہر کے علاقے ہٹہ مالو میں انکے گھر پر چھاپہ مار کر گرفتار کیا۔ گرفتار ی کے بعد انہیں بٹہ مالو تھانے منتقل کیا گیا۔ 
مشتاق الاسلام


مقبوضہ کشمیر

مزیدخبریں