اسد عمر کا رمیز راجہ سے بڑا مطالبہ ، تمام طلبا کے دل کی بات کہہ دی
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ سے درخواست کی ہے کہ وہ کرکٹ میچز دیکھنے کے لیے طلبا کا داخلہ مفت کردیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت پیسہ کمانے کا نہیں ہے۔
نیشنل سٹیڈیم کراچی میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ میں کراچی کے نوجوانوں کو کہتا ہوں کہ وہ میچ دیکھنے نیشنل سٹیڈیم آئیں، نیشنل سٹیڈیم میں آکر انٹرنیشنل کرکٹ دیکھ رہے ہیں لیکن افسوس اس بات پر ہے کہ سٹیڈیم خالی ہے حالانکہ پہلے جگہ نہیں ہوتی تھی۔انہوں نے کہا کہ میری آفیشل سے بات ہوئی ہے اور میں رمیز راجہ سے بھی درخواست کروں گا کہ طلبا کے لیے فری انٹری کردیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ابھی تک کورونا کے حالات اور شرح بہت کم ہے، روزآنہ ہم دیکھتے اور صورتحال کا جائزہ لیتے ہیں۔