صائم ایوب کی دھواں داربیٹنگ، پاکستان نے جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے بڑا ہدف دے دیا
سینچورین(ڈیلی پاکستان آن لائن)سینچورین میں جاری دوسرے ٹی20 میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 206 رنز کا بڑا ہدف مقرر کیا۔ پاکستانی بلے باز صائم ایوب نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناقابلِ شکست 98 رنز بنائے۔
صائم ایوب نے 57 گیندوں پر 11 چوکے اور 5 چھکے لگا کر اپنی اننگز کو یادگار بنایا۔ ان کے ساتھ کپتان محمد رضوان نے 11 رنز بنائے جبکہ بابر اعظم نے 31 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔
عرفان خان نے بھی آخری لمحات میں 16 گیندوں پر 30 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، جبکہ عباس آفریدی نے صرف 4 گیندوں پر 11 رنز بنا کر ٹیم کے اسکور کو 200 سے اوپر پہنچایا۔
جنوبی افریقی بولرز میں دیان گلیم نے بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے 4 اوورز میں صرف 21 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔ جارج لنڈے نے بھی 4 اوورز میں 28 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔جنوبی افریقہ کو میچ جیتنے کے لیے 207 رنز کا مشکل ہدف درکار ہے۔