یمن حوثی باغیوں کا امریکی سفارت خانے کی گاڑیوں پر قبضہ
صنعاء( کے پی آئی)مسلح حوثی باغیوں نے یمن کے دارالحکومت صنعا میں قائم امریکی سفارت خانے کی گاڑیوں کو اپنے قبضے میں لے لیا۔عرب ٹی وی کے مطابق کارروائی سے پہلے امریکی سفارتکار یہ عمارت چھوڑ چکے تھے۔سفارتخانے کے مقامی امریکی ملازمین کے مطابق ایئر پورٹ سے روانگی کے فورا بعد تقریبا بیس گاڑیوں کو قبضے میں لے لیا گیا۔سفارت خانہ خالی کرنے سے پہلے امریکی حکام نے اسلحہ،کمپیوٹر اوردیگر دستاویزات تباہ کر دی تھیں۔قبل از یں امریکا کے بعد برطانیہ اور فرانس نے بھی یمن میں اپنے سفارت خانے بند کرنے کا اعلان کر دیا تھا۔سفارت خانے بند کرنے کی وجہ وہ سکیورٹی خطرات بتائے گئے تھے،جو حوثی باغیوں کی طرف سے ملک پر کنٹرول حاصل کرنے کے بعد پیدا ہوئے ہیں۔ برطانیہ کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ یمنی دارالحکومت صنعا میں قائم اس کے سفارت خانے کے عملے کو وہاں سے نکال لیا گیا ہے ۔ جبکہ برطانوی سفیر بھی یمن سے رخصت ہو گئے۔