وارم اپ میچز، ویسٹ انڈیز نے سکاٹ لینڈ، آئرلینڈ نے بنگلہ دیش کو ہرا دیا

وارم اپ میچز، ویسٹ انڈیز نے سکاٹ لینڈ، آئرلینڈ نے بنگلہ دیش کو ہرا دیا

سڈنی(اے پی پی) ویسٹ انڈیز نے وارم اپ میچ میں سکاٹ لینڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 رنز سے شکست دے دی۔ ویسٹ انڈیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 313 رنز بنائے، دنیش رامدین نے 88 اور لینڈل سمنز نے 55 رنز بنائے۔ سکاٹ لینڈ کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 310 رنز بنا سکی۔ کائل کوئٹزر نے 96 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، رچی بیرنگٹن 66 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کو یہاں سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے وارم اپ میچ میں ویسٹ انڈیز کے کپتان جیسن ہولڈر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 313 رنز بنائے۔ دنیش رامدین نے 88 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، دیگر بلے بازوں میں لینڈل سمنز 55 ، ڈوئن سمتھ 45 ، ڈیرن براوو 43 ، ڈیرن سیمی 36 اور آندرے رسل 24 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ سکاٹ لینڈ کی جانب سے الیسڈر ایوانز نے تین اور جوش ڈیوی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ سکاٹ لینڈ کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور اس نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 310 رنز بنائے۔ آئرلینڈ نے وارم اپ میچ میں بنگلہ دیش کو 4 وکٹوں سے ہرا دیا۔

، بنگال ٹائیگرز پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 189 رنز پر ڈھیر ہوگئے، آئرلینڈ نے ہدف 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ اینڈی بلبرینی نے 63 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ بنگلہ دیشی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 48.2 اوورز میں 189 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ سومیا سرکار 45 ، مشفق الرحیم 26 ، انعام الحق 25 اور کپتان مشرفی مرتضٰی 22 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ جان مونی اور میکس سورینسن نے بالترتیب تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں آئرلینڈ نے ہدف 46.5 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی