چولستان جیپ ریلی دنیا کیلئے امن کا پیغام ہے: وزیرکھیل پنجاب

چولستان جیپ ریلی دنیا کیلئے امن کا پیغام ہے: وزیرکھیل پنجاب

 لاہور ( سپورٹس رپورٹر ) صوبائی وزیر کھیل وسیاحت رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان امن پسند ملک ہے، دہشت گردی کے خاتمے کیلئے حکومت پر عزم ہے، چولستان جیپ ریلی دنیا کیلئے امن کا پیغام ہے، اس سے عالمی برادری میں پاکستان کا امیج بہتر ہوتا ہے، اس ریلی کو امن کارواں کا نام دیا گیا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے چولستان جیپ ریلی میں شرکت کیلئے لاہور سے بہاولپور روانہ ہونیوالی 25جیپوں کے کاررواں کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عثمان انور بھی موجود تھے، صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ حکومت کو امن وامان کے حوالے سے بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے ، اس کے باوجود سپورٹس اور سیاحت کا فروغ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ ، چولستان جیپ ریلی دنیا بھر میں مقبول ہے، اس میں 250 سے زائد جیپیں حصہ لے رہی ہے، 25جیپوں کی ریلی کاررواں امن کے نام سے لاہور سے بہاولپور کیلئے روانہ ہورہی ہیں جو کہ چولستان جیپ ریلی میں حصہ لے گی، ہمارا مقصد نوجوانوں کو تفریح اور کھیلوں کے مواقع فراہم کرنا ہے جس سے صحت مند معاشرہ پروان چڑھے گا۔اس ایونٹ کا مقصد دنیا کو بتانا ہے کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے، دہشت گردی کے خاتمے کیلئے حکومت پرعز م ہے، اپنی نئی نسل کو پرامن پاکستان دیں گے۔ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عثمان انور نے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ نوجوان ملک کا سرمایہ اور مستقبل ہیں ، حکومت پنجاب نوجوان کو سپورٹس کی سرگرمیوں کیلئے بہترین پلیٹ فارم مہیا کررہی ہے،نوجوان اب مثبت سرگرمیوں کی طرف آ رہے ہیں، ہم نوجوانوں کو دعوت دیتے ہیں کہ جس کے پاس ٹیلنٹ ہے وہ ہمارے پاس آئے، سپورٹس بورڈ پنجاب ان کو ہر طرح کی سہولت اور تربیت فراہم کریگا۔آخر میں صوبائی وزیر رانا مشہود احمد خان اور ڈی جی سپورٹس عثمان انور نے چولستان جیپ ریلی میں حصہ لینے والوں سے ملاقات کی اور جیپ چلا کر شرکاء کو بہاولپور روانہ کیا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی