پرائمری اور سیکنڈری ہیلتھ سیکٹر میں بہتری کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں،میاں عرفان

پرائمری اور سیکنڈری ہیلتھ سیکٹر میں بہتری کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں،میاں ...

 لاہور(نمائندہ خصوصی)مسلم لیگ( ن )کے رکن پنجاب اسمبلی میاں عرفان دولتانہ نے کہا ہے کہ پرائمری اور سکینڈری ہیلتھ میں نمایاں بہتری لانے کے لئے خصوصی اقدامات کئے جارہے ہیں اور اس سلسلے میں محکمہ صحت اور تمام ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسرز اور دیگر متعلقہ حکام کو تمام اقدامات کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے ٹائم فریم دیا ہے۔ وزیراعلی کی ہدایت کے مطابق تمام ڈسٹرکٹ و تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتالوں میں ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکس کی خالی آسامیوں پر بھرتی کے لئے اپریل تک کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ خادم پنجاب کی خواہش ہے کہ دور دراز کے علاقوں کے عوام کو علاج کے لئے طویل سفر کرکے لاہور،ملتان اور فیصل آباد کا رخ نہ کرنا پڑے بلکہ سپیشلسٹ ڈاکٹروں کی خدمات ان کے ضلع کے ہسپتالوں میں دستیاب ہوں۔۔  انہوں نے کہاکہ میاں شہباز شریف نے تحصیل ہیڈکوارٹرزہسپتالوں میں بچوں اور امراض نسواں سمیت 5بنیادی ماہر ڈاکٹروں کا تقرر یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ اسی طرح ڈسٹرکٹ ہیڈکواٹرز ہسپتالوں میں 10سپیشلسٹ ڈاکٹرز تعینات کئے جائیں گے۔سپیشلسٹ ڈاکٹرز کوتحصیل و ڈسٹرکٹ ہسپتالوں میں تعیناتی کے لئے خصوصی پرکشش پیکیج دیا جائے گا جس کی منظوری بھی وزیراعلی دے چکے ہیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 1