عمران خان نے قومی سیاست کو نیا ویژن دیا،عبدالعلیم خان
لاہور (نمائندہ خصوصی ) تحریک انصاف ضلع لاہور کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ قومی سطح پر درپیش گھمبیر مسائل کا حل موجودہ حکومت کے بس کی بات نہیں انہوں نے کہاکہ عمران خان نے قومی سیاست کو نیا ویژن دیا جس کے باعث نوجوان طبقے اور خواتین نے بڑی تعداد میں ملکی حالات بدلنے کی جدوجہد میں شمولیت کی اب حتمی احتجاج کا مرحلہ کسی بھی وقت شروع ہو سکتا ہے جس کا مرکز لاہو ر بھی متوقع ہے ۔عبدالعلیم خان لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری اور دیگر عہدیداروں کے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے میں میڈیا سے گفتگوکرہے تھے ۔ سینئر نائب صدر شعیب صدیقی ،سیکرٹری اطلاعات فرخ جاوید مون ،شیخ عامر،میاں جاوید علی اور پریس کلب کے عہدیداران ندیم بسرا ،افضال طالب ،صائمہ ورائچ ،شاداب ریاض ،مروہ عنصر ،قمر بھٹی ،افضال چوہدری ،رضوان خالد اور شعیب عزیز بھی اس موقع پر موجود تھے ۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ معاشرے کا ہر طبقہ روایتی سیاست کو مسترد کرتے ہوئے ملک گیر تبدیلی اور سلجھی قیادت کو آگے لانے کا خواہاں ہے ۔انہوں نے کہا کہ حالات کو جوں کا توں رکھنے کیلئے 14اگست کے دھرنے اور لانگ مارچ سے خائف طاقتیں اکٹھا ہوگئی ہیں جن کا اتحاد غیر فطری ثابت ہوا اب ہر حال میں تبدیلی کو آنا ہے جس کیلئے خود حکومتی بینچوں سے آواز بلند ہو رہی ہے ۔