ایف بی آر کے 50ارب روپے اضافی ٹیکس وصولی کیلئے نئے اقدامات

ایف بی آر کے 50ارب روپے اضافی ٹیکس وصولی کیلئے نئے اقدامات

 لاہور ( کامرس رپورٹر)نئے ریونیو اقدامات کے ذریعے ایف بی آر اضافی 50 ارب روپے کا ٹیکس وصول کرے گا تاکہ رواں مالی سال کیلئے 2691 ارب روپے کا ٹیکس ہدف حاصل کیا جاسکے۔ رپورٹ کے مطابق فرنس آئل پر ریگولیٹری ڈیوٹی کے نفاذ سے ایف بی آر رواں مالی سال کے باقی ماندہ مہینوں کے دوران 50 ارب روپے وصول کرے گا۔ ڈبلیو ایچ ٹی ریٹ 5 سے 10 فیصد کر دیا جائے گا اور زیادہ سے زیادہ شرح 15 فیصد کر دی جائے گی۔ رپورٹ کے مطابق آئی ایم ایف کیساتھ معاہدے کے مطابق ایف بی آر کا ہدف 119 ارب روپے مقرر کر دیا گیا ہے جو 2810 ارب سے کم ہو کر 2691 روپے ہو جائے گا۔دریں اثناء فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے رواں ماہ ٹیکس وصولی کا ہدف دو سو تین ارب روپے مقرر کردیا، آٹھ ماہ کا مقررہ ہدف پورا کرنے کے لئے ایک سو سترہ ارب روپے اضافی ریونیو اکھٹا کرنا ہوگا۔فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو مالی سال کے آٹھ ماہپ کا مقررہ ہدف حاصل کرنے کے لئے رواں ماہ مجموعی طور پر تین سو بیس ارب روپے ٹیکس جمع کرنا ہوگا، جبکہ جنوری سے مارچ کی سہہ ماہی کے لیے ٹیکس وصولی کا ہدف چھ سو اسی ارب روپے ہے۔ فروری کے دوران انکم ٹیکس کی مد میں اکیاسی ارب چالیس کروڑ، سیلز ٹیکس کے نام پر اناسی ارب پچاس کروڑ، فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی اور کسٹمز ڈیوٹی کی مد میں بالترتیب بارہ ارب تیس کروڑ اور بیس ارب بیس کروڑ روپے وصول کرنا ہوں گے۔

مزید : کامرس