پاک چائنہ اکنامک کو ریڈور کے تحت اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدے طے پائے ہیں ،شہباز شریف

پاک چائنہ اکنامک کو ریڈور کے تحت اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدے طے پائے ...

 لاہور(پ ر)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے پاک چائنہ فرینڈ شپ سینٹر اسلام آباد میں سال 2015 پاک چین دوستانہ تعاون کے آغاز کے حوالے سے(Launching Ceremoney of 2015 Pak China Friendship Year of Friendly Exchanges ) منعقدہ تقریب میں شرکت کی۔ پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی(Wang Yi Mr. ) اور قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔وزیراعظم پاکستان کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز ،پاکستان میں چین کے سفیر سن ویڈانگ سینٹ و قومی اسمبلی کے اراکین ،پاک چین دوستی کی مختلف تنظیموں کے عہدیداران اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات نے تقریب میں شرکت کی۔ چین کے وزیر خارجہ ،سپیکر قومی اسمبلی ،وزیراعلیٰ پنجاب ، وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور اور پاکستان میں چین کے سفیر سن ویڈانگ نے بٹن دباکر سال 2015 پاک چین دوستانہ تعاون کے آغاز کا باقاعدہ افتتاح کیا۔سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق ا ور چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی نے تقریب سے خطاب کیا۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور چین کے درمیان دوستی کا لازوال رشتہ موجود ہے اور دونوں ممالک کے مابین تمام شعبوں میں تعاون کے نئے دور کا آغاز ہوچکا ہے۔انہوں نے کہاکہ چین کے صدر ژی جن پنگ اور وزیراعظم محمد نوازشریف کے وژن کے تحت دونوں ممالک میں پاک چائنہ اکنامک کوریڈور کے تحت اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدے طے پائے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اور چین کی دوستی آزمائش کی ہر گھڑی میں پوری اتری ہے ۔ پاکستان اور چین نہ صرف ہمسایہ ممالک ہیں بلکہ علاقائی اور عالمی امور پر ہمیشہ دونوں ممالک کا موقف یکساں رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سال 2015پاک چین دوستانہ ،قریبی تعاون، دونوں ملکوں کے مابین 21 صدی میں ترقی کے ایک بڑے دور کا آغاز ثابت ہوگا جس سے دونوں ممالک کے عوام کو فائدہ ہوگا۔ دونوں ممالک کے عوام کے مابین دوستی اور رابطے مضبوط ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ سال 2015پاک چین دوستانہ تعاون کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں شرکت کر کے مجھے بے حد خوشی ہوئی ہے۔

لاہور (جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے یہاں چنیوٹ ۔رجوعہ میں معدنی وسائل کے منصوبے پر کام کرنے والی چینی کمپنی میٹالرجیکل کارپوریشن آف چائنہ کے وفد اور جرمن کنسلٹنٹ نے ملاقات کی۔ ملاقات میں چنیوٹ۔رجوعہ میں معدنی وسائل کے منصوبے پر تیز رفتاری سے پیش رفت پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ چنیوٹ۔رجوعہ میں ملنے والے خام لوہے، تانبے اور سونے کے ذخائر 18 کروڑ عوام کیلئے ایک بہت بڑی خوشخبری ہے اور یہاں سے دریافت ہونے والے معدنی ذخائر پاکستان کیلئے تیل اور گیس سے بڑھ کر ہیں اور یہ عظیم منصوبہ پاکستان کی تقدیر بدل دے گا۔ انہوں نے کہا کہ چنیوٹ۔رجوعہ میں ملنے والے معدنی وسائل پاکستان کے 18 کروڑ عوام کی ملکیت ہیں۔ پنجاب حکومت نے اپنے وسائل سے اس منصوبے کو شروع کیا ہے اور صرف 9 ماہ کے قلیل عرصے میں منصوبے پر اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کے حوالے سے انتہائی تیز رفتاری سے آگے بڑھنا ہے۔ چینی کمپنی کی جانب سے چنیوٹ۔رجوعہ میں سٹیل مل کے قیام کے منصوبے میں دلچسپی خوش آئند ہے۔ ملکی لوہے سے سٹیل مل کے قیام کے منصوبے سے مقامی لوگوں کو روزگار ملے گا،معیشت پھلے پھولے گی۔انہو ں نے کہا کہ چنیوٹ۔ رجوعہ میں معدنی وسائل کا منصوبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے اوریہ منصوبہ پاکستان خصوصاً پنجاب کی معیشت کیلئے ایک انقلابی حیثیت رکھتا ہے جس کی تکمیل سے قومی معیشت کو استحکام ملے گا اور زمین میں چھپے یہ خزانے ملک وقوم کی ترقی کے ضامن ثابت ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ چنیوٹ رجوعہ کی سرزمین میں خزانوں کا سمندر بہہ رہا ہے اوران خزانوں کوبروئے کار لاکرملک و قوم کی قسمت بدل دیں گے۔چنیوٹ رجوعہ کی دھرتی میں اعلی معیار کے معدنی ذخائر کی تصدیق بین الاقوامی لیبارٹریوں نے کردی ہے جو پاکستانی قوم کیلئے بہت بڑی خوشخبری ہے۔ وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں زمین میں چھپے ان خزانوں کواستعمال میں لاکرپاکستان کو ترقی یافتہ اورخوشحال ملک بنائیں گے اور بین الاقوامی برادری میں باوقارمقام حاصل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے اپنے وسائل سے اس منصوبے کا آغاز کیا اورنہایت شفاف طریقے سے ٹینڈرنگ کے عمل کے ذریعے چین کی معروف کمپنی میٹالرجیکل کارپوریشن آف چائنہ کو ٹھیکہ دیا اور10ماہ کی ریکارڈ مدت کی محنت رنگ لائی اوریہاں قیمتی خزانوں کی تصدیق ہوئی ہے، ماہرین کے مطابق یہاں چھپے معدنی خزانے اربوں ڈالر یا کھربوں ڈالر کے ہیں جو اللہ تعالیٰ کی جانب سے پاکستانی قوم کیلئے ایک عظیم تحفہ ہے، یہ عظیم منصوبہ ایک گیم چینجر ثابت ہوگا کیونکہ خام لوہے کی تلاش کے ساتھ یہاں تانبا اورسونا بھی ملا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ چینوٹ رجوعہ کی سرزمین میں مدفن خزانے خوشحالی کے انقلاب کی نوید ہیں۔ ہماری دن رات کی محنت رنگ لائی ہے۔ وزیراعلیٰ نے صوبائی وزیر معدنیات شیر علی خان،چیئرمین پنجاب منرل ڈویلپمنٹ کمپنی ڈاکٹر ثمر مبارک مند اور سیکرٹری معدنیات ڈاکٹر ارشد کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ سب نے ایک ٹیم ورک کے طور پر دن رات کام کیا ہے جس کے باعث پوری قوم کو بہت بڑی خوشخبری ملی ہے۔ وزیراعلیٰ نے منصوبے پر کام کرنے والی چینی کمپنی اور جرمن کنسلٹنٹ کی کارکردگی کی بھی تعریف کی۔ چینی وفد سے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کی فعال قیادت اور رہنمائی میں معدنی وسائل کے منصوبے میں کامیابیاں مل رہی ہیں۔ منصوبے کے حوالے سے فزیبلٹی رپورٹ جلد مکمل کرنے کی پوری کوشش کریں گے۔ صوبائی وزیر معدنیات شیر علی خان، چیئرمین پنجاب منرل ڈویلپمنٹ کمپنی ڈاکٹر ثمر مبارک مند، سیکرٹری معدنیات، میٹالرجیکل کارپوریشن آف چائنہ کے چیف اکانومسٹ زینگ منگ ژنگ ، چیئرمین ایم سی سی مائننگ لمیٹڈ زو جیان ہوائی اور دیگر عہدیداروں کے علاوہ جرمن کنسلٹنٹ ڈاکٹر جرگن ہرٹیش بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے اسلام آباد میں چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے ملاقات کی۔ملاقات میں باہمی دلچسپی اورپاک بحریہ کے پیشہ وارانہ امورپرتبادلہ خیال کیا گیا۔چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل محمد ذکا ء اللہ نے چنیوٹ رجوعہ میں معدنی ذخائر کی دریافت پر وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کو خصوصی مبارکباددی۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زمین میں چھپے معدنی ذخائرپوری قوم کے لئے عظیم تحفہ ہیں ۔معدنی خزانے پاکستان کیلئے تیل و گیس سے بڑھ کرہیں۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ خصوصی بچے اہلیت اور قابلیت کے لحاظ سے کسی طوربھی نارمل بچوں سے کم نہیں ہیں۔ خصوصی بچوں کو تعلیم و تربیت کی بہترین سہولیات فراہم کر کے انہیں معاشرے کا مفید شہری بنایا جاسکتا ہے۔پنجاب حکومت خصوصی افراد کی بحالی ،نگہداشت اورتعلیم و تربیت کیلئے ٹھوس پروگرام پر عمل پیرا ہے۔انہوں نے کہا کہ خصوصی بچوں کے اداروں میں تعلیم و تربیت کی سہولتوں کو بہتر بنایا گیا ہے۔لیپ ٹاپ تقسیم کے پروگرام میں ہونہار خصوصی بچوں کو بھی شامل کیاگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب خصوصی بچوں کی بحالی کیلئے کام کرنے والے اداروں کی ہر ممکن مدد کررہی ہے ۔پنجاب حکومت خصوصی بچوں کی بحالی کے اداروں میں بچوں کو کتابیں،یونیفارم، ٹرانسپورٹ،آلات اوردیگر سہولیات کی مفت فراہمی کے علاوہ ماہانہ وظیفہ بھی دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپیشل چلڈرن معاشرے کی خصوصی توجہ کے مستحق ہیں۔پی اے ایف سکول آف سپیشل چلڈرن کینٹ خصوصی بچوں کی تعلیم و تربیت کے حوالے سے فعال کردارادا کررہا ہے ۔وزیراعلیٰ شہبازشریف پی اے ایف سکول آف سپیشل چلڈرن کینٹ میں اساتذہ اورخصوصی بچوں سے گفتگو کررہے تھے ۔

مزید : صفحہ اول