کارکنوں کے گھروں پرچھاپوں کی مذمت کرتے ہیں، شیریں مزاری

کارکنوں کے گھروں پرچھاپوں کی مذمت کرتے ہیں، شیریں مزاری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد(اے این این)پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر شیریں مزاری نے فیصل آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے کارکن کے قاتلوں کی تاحال گرفتاری میں ناکامی کی شدید مذمت کرتے ہوئے صوبائی حکومت اور مقامی پولیس کو تحریک انصاف کے کارکنان کے گھروں پر چھاپے مارنے پر کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ فیصل آباد میں قانون کی دھجیاں اڑاتے ہوئے تحریک انصاف کے پرامن کارکنان پر گولیاں برسانے والے رانا ثناء اللہ کو پولیس تاحال گرفتار کرنے میں ناکام ہے جس سے صوبائی حکومت کی معاملے میں شمولیت کا تاثر مزید پختہ ہوتا ہے۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ واقعے کی ایف آئی آر میں نامزد 300سے زائد ملزمان جن میں سے بیشتر کا تعلق حکمران جماعت سے ہے کو اب تک گرفتار نہیں کیا گیا۔ ان کا کہنا ہے کہ پنجاب میں صوبائی حکومت کی جانب سے جرائم پیشہ عناصر کی سرپرستی انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔ اپنے بیان میں فیصل آباد پولیس کی جانب سے فرخ حبیب، میاں عاصم اور تحریک انصاف سے وابستہ دیگر کارکنان کے گھروں پر چھاپے فوری طور پر روکنے اور فیصل آباد میں انتشار کے مرکزی ملزم رانا ثناء اللہ کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ ان کے مطابق صوبائی حکومت کی جانب سے جرائم پیشہ عناصر کی سرپرستی نہ صرف صوبے میں لاقانونیت کے فروغ کی موجب ہے بلکہ قومی سطح پر دہشت گردی کے خاتمے کیلئے کی جانے والی کوششوں کو بھی بری طرح متاثر کر رہی ہے چنانچہ صوبائی حکومت کے اس رویے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

مزید :

علاقائی -