دوست ممالک حکومت کی اجازت کے بغیر مدرسوں کو فنڈ نگ نہیں کر سکیں گے ،سردار یوسف

دوست ممالک حکومت کی اجازت کے بغیر مدرسوں کو فنڈ نگ نہیں کر سکیں گے ،سردار یوسف

 اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے کہا ہے کہ دوست ممالک کو مدرسوں کو فنڈنگ کرنے سے پہلے حکومت سے اجازت لینا ہوگی‘ تمام سیاسی جماعتوں پر ہارس ٹریڈنگ کی روک تھام کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے اگر ارکان اسمبلی پر ہارس ٹریڈنگ کا الزام لگتا ہے تو یہ ان کی توہین ہے۔ وہ جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے کرپشن ختم کرنے میں وقت لگے گا کیونکہ اس ناسور کی جڑیں بہت مضبوط ہوچکی ہیں کرپشن کے خاتمے کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جارہے ہیں اور بہت جلد اس کا خاتمہ ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ بلدیہ ٹاؤن کراچی پر جے آئی ٹی رپورٹ پر اگر کسی کو اعتراض ہے تو وہ عدالت میں جائیں، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت کی کارکردگی بہتر جارہی ہے مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے اور ٹھوس بنیادیں رکھ کر ہی اس کے ثمرات بہت بہتر آئیں گے انہوں نے کہا کہ حج آپریشن بہت اچھا رہا حج کے حوالے سے کوئی شکایات نہیں آئی ہیں عمرہ ہماری وزارت نہیں کرواتی کیونکہ یہ پرائیویٹ ٹور آپریٹر کرواتے ہیں لیکن وزیراعظم کی ہدایت پر ہم ان کی رہنمائی کرتے ہیں۔

مزید : علاقائی