قوانین کی خلاف وارزی پر 1500مقدمات درج، 2ہزار ملزم گرفتار کیا گیا

قوانین کی خلاف وارزی پر 1500مقدمات درج، 2ہزار ملزم گرفتار کیا گیا
قوانین کی خلاف وارزی پر 1500مقدمات درج، 2ہزار ملزم گرفتار کیا گیا

  

لاہور(کرائم سیل) سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر)امین وینس نے نیشنل ایکشن پروگرام پر عمل درآمد کے حوالے سے لاہور پولیس کو فرائض انجام دینے کی ہدایات جاری کر رکھی ہیں جن کی روشنی میں ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف کی سربراہی میں شہر بھر میں پولیس ٹیمیں لاؤڈ سپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی ،مذہبی منافرت پر مبنی مواد، سی ڈیز اور لٹریچر فروخت کرنے،مذہبی منافر ت اور دل آزار تحریروں پر مبنی وال چاکنگ اور قانون کرایہ داری کی خلاف ورزی کے مرتکب مکان مالکان اورکرایہ داروں کے خلاف بھر پور کارروائی کررہی ہیں۔گزشتہ روز بھی غالب مارکیٹ پولیس نے کالعدم تنظیم کے سرگرم رکن حکیم یاسر جگرانوی کے گھرچھاپہ مار کربھاری مقدار میں مذہبی منافرت پر مبنی اور جہادی لٹریچر قبضہ میں لے لیا جبکہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران شہر کی مختلف مساجد سے 2 ہزار سے زائد سپیکر و ہارن اتروائے گئے ہیں اور اس مہم کے دوران اب تک سینکڑوں ایمپلی فائر، سی ڈیز اور بھاری مقدار میں مذہبی منافرت پر مبنی کتابیں، رسالے اور پمفلٹ قبضہ میں لیے گئے ہیں ۔صحافیوں سے اپنے دفتر میں غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے بتایا کہ نیشنل ایکشن پروگرام کے تحت اب تک پولیس نے مختلف کالعدم تنظیموں ، لاؤڈ سپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے، مذہبی منافرت پر مبنی سی ڈیز اور لیٹریچر فروخت کرنے اور دل آزار اور مذہبی منافرت پر مبنی وال چاکنگ کرنے والوں کے علاوہ قانون کرایہ داری کی خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف 1500سے زائد مقدمات درج کر کے قریباً 2ہزار ملزموں کو گرفتار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہم سب کو مل کر کام کرنا ہو گااور شہریوں کا تعاون حاصل کیے بغیر اس جنگ کو نہیں جیتا جا سکتا۔ ڈی آئی جی نے مزید کہا کہ تمام ایس پیز، ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز کو اپنے اپنے علاقے کے معززین، سیاسی و سماجی نمائندوں کے علاوہ وکلا اور خلق خدا کا جذبہ رکھنے والے افراد سے قریبی رابطہ رکھنے کی ہدایات جاری کی جا چکی ہیں ۔ اُنہوں نے کہا کہ سی سی پی او لاہور کے ہدایت کے تحت بیٹ سسٹم کا اجراء اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے جس کا مقصد صرف اور صرف پولیس اور شہریوں کے درمیان خلیج کو کم کر کے دہشت گردی کے خلاف جنگ اور جرائم کے خاتمے کے لیے شہریوں کا تعاون حاصل کرنا ہے۔

مزید : علاقائی