پاک بھارت میچوں کا ریکارڈ معنی نہیں رکھتا، قوم دعا کرے: شاہد آفریدی

پاک بھارت میچوں کا ریکارڈ معنی نہیں رکھتا، قوم دعا کرے: شاہد آفریدی
پاک بھارت میچوں کا ریکارڈ معنی نہیں رکھتا، قوم دعا کرے: شاہد آفریدی

  


سڈنی (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل راﺅنڈر شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف میچ کیلئے قوم پاکستان کرکٹ ٹیم کو سپورٹ کرنے کیساتھ ساتھ اللہ کے حضور دعاگو ہو۔ تفصیلات کے مطابق شاہد خان آفریدی نے میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ورلڈکپ کے میچوں کا ریکارڈ کوئی معنی نہیں رکھتا کیونکہ جب بھی کوئی میچ ہوتا ہے تو سب کھلاڑیوں کی نظر اسی میچ پر ہوتی ہے نا کہ ماضی کے ریکارڈ پر۔ ان کا کہنا تھا کہ جو ٹیم جتنا دباﺅ لیتی ہے اس کی پرفارمنس پر اتنا ہی برا اثر پڑتا ہے اس لئے سب کچھ بھلا کر میچ جیتنے کیلئے میدان میں اتریں گے۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ یہ ان کے کیرئیر کا آخری ٹورنامنٹ ہے اور وہ اسے یادگار بنانا چاہتے ہیں اور خاص طور پر بھارت کو شکست دے کر ورلڈکپ میں مسلسل ہار کو بھی ماضی کا قصہ بنانے کے خواہاں ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں تقریباً ایک جیسی ہی ہیں اور دونوں ٹیموں کی باﺅلنگ بھی بیلنس ہے۔ قومی ٹیم کو اچھا سٹارٹ مل گیا تو میچ جیتنے کے چانسز کئی گنا بڑھ جائیں گے۔ شاہد آفریدی نے خصوصی طور پر قوم سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کے خلاف میچ کے دوران قومی ٹیم کو بھرپور سپورٹ کریں اور جیت کیلئے دعا گو رہیں۔

مزید : کھیل