ْْھکومتی دعوؤں کے برعکس فرنس آئل کی کھپت میں 7فیصد کا اضافہ

ْْھکومتی دعوؤں کے برعکس فرنس آئل کی کھپت میں 7فیصد کا اضافہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی(اکنامک رپورٹر) فرنس آئل کے استعمال میں کمی کے حکومتی دعوؤں کے برعکس 2016-17کے دوران ملک میں فرنس آئل کی کھپت میں 7 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ اوگرا کی جانب سے تیل وگیس کے شعبے کے بارے میں جاری کردہ رپورٹ کے مطابق 2016-17کے دوران پٹرول ہائی اسپیڈ ڈیزل اور فرنس آئل کی درآمد میں اضافہ ہوا ہے۔رپورٹ کے مطابق پٹرول کی درآمد میں 18 فیصد ، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی درآمد میں 26 فیصد جبکہ فرنس آئل کی درآمد میں 8 فیصد کا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی ضروریات پوری کرنے کے لیے پٹرول 73 فیصد، فرنس آئل 69 فیصد اور 46 فیصد ہائی اسپیڈ ڈیزل درآمد کیاگیا جبکہ 14 فیصد جیٹ فیول درآمد کیاگیا۔اوگرا کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق 2016۔17 کے دوران پٹرولیم مصنوعات کے استعمال میں 9.07 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیاگیا۔ 2017 کے دوران ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی کھپت 26 ملین ٹٰن رہی جو گزشتہ سال 23.07 ملین ٹٰن تھی۔رپورٹ کے مطابق ملک میں موٹرسائیکلز اور کاروں کی بڑھتی ہوئی تعداد کی وجہ سے ایک سال کے دوران پٹرول کے استعمال میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ ٹرانسپورٹ کے شعبے کی جانب سے پٹرول سب سے زیادہ استعمال کیا گیا اور اس شعبے کی جانب سے پٹرول کی کھپت میں گزشتہ سال کی نسبت 16 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ٹرانسپورٹ سیکٹر نے 2016۔17 کے دوران 57 فیصد پٹرولیم مصنوعات استعمال کیں جو گزشتہ سال کی نسبت ایک فیصد زیادہ ہے۔ ملک میں مختلف صنعتوں کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کے استعمال میں ایک سے 8فیصد اور سرکاری شعبوں کی جانب سے ایک فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ زرعی شعبے کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کے استعمال میں گزشتہ برس کی نسبت 13 فیصد کمی دیکھی گئی ہے۔اوگرا رپورٹ کے مطابق 2013۔14 تک ہائی اسپیڈ ڈیزل کی کھپت یکساں رہی تاہم 2014۔15 کے دوران ہائی اسپیڈ ڈیزل کی کھپت میں اضافہ شروع ہوا اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کے استعمال میں گزشتہ سال کی مقابلے میں 10فیصد اضافہ ہوا۔اوگرا رپورٹ کے مطابق 2016۔17 کے دوران ایچ او بی سی کے استعمال میں 16.02 فیصد مٹی کے تیل کی کھپت میں 14.09فیصداور لائٹ ڈیزل آئل کے استعمال میں گزشتہ سال کی نسبت 19.01 ایک فیصد اضافہ ہوا۔ ایک سال کے دوران نان انرجی مصنوعات کے استعمال میں 4.03 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ برسوں کے دوران جیٹ فیول کی کھپت میں قدرے کمی ہوئی مگر 2016۔17 کے دوران جیٹ فیول کی کھپت میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 3 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

مزید :

کامرس -رائے -