چھوٹے کاشتکاروں کو زرعی بچت اکاؤنٹ سکیم استفادہ کی ہدایت

چھوٹے کاشتکاروں کو زرعی بچت اکاؤنٹ سکیم استفادہ کی ہدایت

لاہور (کامرس رپورٹر) زرعی ترقیاتی بینک پاکستان لمیٹڈ نے ملک بھر کے چھوٹے کاشتکاروں ، کسانوں کو زرعی بچت اکاؤنٹ سکیم سے بھر پور استفادہ کی ہدایت کی ہے ۔ زرعی ترقیاتی بینک کے ذرائع نے بتا یا کہ زرعی ترقیاتی بینک زرعی قرضہ جات کی فراہمی میں اعلیٰ معیار کی بدولت پاکستان کے صف اول کے بینک کی حیثیت رکھتا ہے جو زرعی قرضہ جات کی اعلیٰ و آسان پالیسیوں کے ذریعے ملکی زرعی پیداوار میں اضافہ ، کاشتکاروں و کسانوں کیلئے دوستانہ اقدامات اور پر کشش ڈیپازٹ سکیموں کے زریعے انہیں مالی منفعت فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بینک نے زرعی بچت اکاؤنٹ میں شرکت کرنے والے اہل ڈیپازٹرز کیلئے پر کشش منافع ، مفت بینکنگ اور آسان شرائط پر قرضوں کی سہولت فراہم کرنے کیلئے بھی اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کاشتکار یہ زرعی بچت اکاؤنٹ صرف 20ہزار روپے سے کھول سکتے ہیں۔انہوں نے بتا یا کہ منافع سال میں 4مرتبہ سہ ماہی بنیادوں پر مقررہ مہینے کی 20تاریخ تک ڈیپازٹ کی صورت میں 31مارچ ، 30جون، 30ستمبر ، 31دسمبر کو ادا کرے گا۔ انہوں نے بتا یا کہ اس ضمن میں مزید معلومات زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ کی کسی بھی قریبی برانچ سے حاصل کی جا سکتی ہیں۔

مزید : کامرس /رائے