سندھ حکومت طیبہ راحموں سے بد اخلاقی کے ملزموں کو فی الفور گرفتار کرے : بلاول بھٹو

سندھ حکومت طیبہ راحموں سے بد اخلاقی کے ملزموں کو فی الفور گرفتار کرے : بلاول ...

کراچی (این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے تھرپارکر سے تعلق رکھنے والے ایک محنت کش کی بیٹی طیبہ راحموں کو اجتماعی بداخلاقی کا نشانہ بنائے جانے کی شدید مذمت کی ہے۔ اپنے بیان میں پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ حکومت سندھ واقعے میں ملوث تمام ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لائے اور غریب محنت کش خاندان کو انصاف کی جلد فراہمی و تحفظ کیلئے اقدامات کیئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ معصوم بچوں اور خواتین کا جنسی استحصال کسی قیمت پر برداشت نہیں کیا جائیگا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اس طرح کے واقعات میں ملوث ملزمان خواہ کتنے ہی طاقتور کیوں نہ ہو، ان کو کیفرِ کردار تک پہنچانا ضروری ہے کیونکہ اس کے بغیر ایک ترقی پسند معاشرے کی نمو ممکن نہیں۔ پی پی پی چیئرمین نے متاثرہ خاندان کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی پاکستان کے ہر مظلوم کے ساتھ ہے۔دریں اثناء بلاول بھٹو زرداری نے دادو کی میونسپل کمیٹی کے چیئرمین گل حسن قمبرانی کے انتقال پر رنج و غم کا اظہارکرتے ہوئے اپنے پیغام میں پیپلز پارٹی چیئرمین نے کہا کہ مرحوم گل حسن قمبرانی ایک سچا و ثابت قدم جیالا تھا، اور ان کا ناگہانی انتقال ناقابل تلافی نقصان ہے۔ انہوں نے سوگوار خاندان سے ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ ان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔علاوہ ازیں بلاول بھٹو زرداری نے حیدرآباد کے قریب ٹریفک حادثے میں ہونے والی ہلاکتوں پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کیا ہے۔ پی پی پی چیئرمین نے حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے ورثا سے ہمدردی کا اظہار کیا اور پیپلز پارٹی کی مقامی قیادت کو ہدایات دیں کہ وہ ورثا کی ہر ممکن مدد کرے۔

بلاول بھٹو زرداری

مزید : علاقائی

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...