نا جائز اثاثہ جات، نیب نے چودھری برادران کے خلاف تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا

نا جائز اثاثہ جات، نیب نے چودھری برادران کے خلاف تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا

لاہور( خبرنگار) نیب لاہور نے چودھری برداران کے خلاف ناجائز اثاثہ جات کے کیس میں تحقیقات کا دائرہ کار وسیع کر دیا ہے۔ نیب ذرائع نے بتایا ہے کہ نیب نے چودھری برادران کی جائیدادوں کی تفصیلات طلب کر رکھی ہیں جس میں ایل ڈی اے کو 22 روز قبل چودھری برادران کی جائیدادں کی تفصیلات جمع کرانے کے لئے سات روز کی مہلت دی گئی تھی۔نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب کی ہدایت پر ایل ڈی اے نے چودھری برادران کی جائیدادوں کی تفصیلات کا ریکارڈ مرتب کر لیا ہے جس میں چودھری برادران کی 9 جائیدادوں کا ریکارڈ سامنے آیا ہے جس میں گلبرگ ٹو میں تین جائیدادیں، گارڈن ٹاؤن اور شاہراہ قائد اعظم پر جائیدادیں پائی گئی ہیں جس میں نیب لاہور نے ایل ڈی اے حکام کو آج صبح ریکارڈ سمیت طلب کیا ہے۔ اس حوالے سے نیب حکام کا کہنا ہے کہ چودھری برادران کے خلاف ناجائز اثاثہ جات کے کیس میں جاری تحقیقات کا دائرہ کار بڑھایا جا رہا ہے اور لاہور سمیت دیگر شہروں میں بھی منقولہ و غیر منقولہ جائیداد کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں جس کے بعد چودھری برادران کو تحقیقات کے لیے طلب کیا جائے گا۔

چودھری برادران

مزید : علاقائی