(ن) لیگ نے الیکشن سے قبل دھاندلی کا آغاز کر دیا ہے ، یاسمین راشد

(ن) لیگ نے الیکشن سے قبل دھاندلی کا آغاز کر دیا ہے ، یاسمین راشد

لاہور (لیڈی رپورٹر ) پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے اپنے جاری کر دہ بیان میں کہا ہے کہ (ن) لیگ نے جنرل الیکشن سے پہلے ہی پری پول دھاندلی کا آغاز کر دیا گیا ہے ، پنجاب حکومت نے این اے 120کے لیے 2ارب روپے کے فنڈز جاری کیے ہیں،پی ٹی آئی کا مطالبہ ہے کہ علاقے میں ترقیاتی کام ہو نے چاہیے مگر ایسا نہ ہو کہ (ن) لیگ کے درباری عوام کی فلا ح بہود کی بجائے اپنی جیبیں بھریں۔انہوں نے کہاکہ ہم حکومت سے سوال پوچھتے ہیں کیا صرف حلقہ این اے120کے لیے فنڈزدئیے ہیں یا قومی اسمبلی کے دیگر 274حلقوں کو بھی جاری کیے ہیں، یہ پیسہ گورنر پنجاب نے ریلیز کیا ہے ہم ٹیپا سے چاہتے ہیں کہ حلقہ کی ترقی کے لیے پی سی ون فارم فوری پبلک کرے۔، یہ ہمارا آئینی حق ہے کہ ہم جانیں کہ فنڈز کہا ں کہا ں خرچ کیے جارہے ہیں ،کہی عوام کا پیسہ ریوڑیاں کی طرح اپنوں کو نوازنے کے لیے استعمال تو نہیں ہو رہا ۔انہوں نے کہاکہ جوسڑکیں حلقہ این اے 120کے ضمنی الیکشن میں بنائی گئی تھی انہیں توڑ دیا گیاہے ،حلقے میں پانی ، گیس کی بندش ہے عوام پینے کے صاف پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں جو کہ ان کے ساتھ سر اسر ظلم اور نا انصافی ہے ، شہباز شریف لاہور کو پیرس بنانے کے دعوے دار حلقہ این اے 120 کی عوام کے ساتھ ناروا سلوک کر رہے ہیں ، حلقے کی عوام پانی ، تعلیم ،صحت سمیت دیگر سہولتوں سے محروم ہے حکمران عوام کے مسائل حل کرنے میں بالکل سنجیدہ نہیں ،پورے حلقہ کا برا حال ہے کسی کی بھی کہی شنوائی نہیں ہو رہی ، بلکہ عوام کو بے یارومدد گار چھوڑ دیا گیا ہے جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگے ہو ئے ہیں جو کہ خادم اعٰلی کی منہ پر طمانچہ ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 4