بین الاقوامی سطح پر رسوا ہونے والے جعلساز ایک بار پھر پکڑے گئے،عبدالعلیم

بین الاقوامی سطح پر رسوا ہونے والے جعلساز ایک بار پھر پکڑے گئے،عبدالعلیم

لاہور(نمائندہ خصوصی ) پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر رسوا ہونے والے جعلساز ایک بار پھر پکڑے گئے ، دو نمبر دستخطوں اور بوگس کاغذات کے ساتھ اسحاق ڈار کو سینیٹر بنوانے کا خواب پی ٹی آئی نے چکنا چور کر دیا اور نواز شریف اینڈ کمپنی نے پھر ثابت کیا کہ وہ صادق اور امین نہیں ہیں عبدالعلیم خان نے اپنے رد عمل میں کہا ہے کہ اسحاق ڈار کے کاغذات کا مسترد ہونا پی ٹی آئی کی بہت بڑی کامیابی اور نواز لیگ کے منہ پر تازہ تھپڑ ہے ،انہوں نے کہا کہ یہ امر طے ہے کہ اسحاق ڈار کے کاغذات کی تیاری میاں نواز شریف کی مشاورت اور مرضی سے ہوئی اسی لیے انہوں نے قطری خط اور پانامہ کیس میں سامنے آنے والی جعلسازی کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے اپنے مفرور سمدھی کو بھی مزید رسوا کروا دیا ۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ عدالتوں میں گنگ ہونے والے عوام کے سامنے شور مچا کر اپنے کالے کرتوتوں کی پردہ پوشی کی ناکام کوشش کرتے ہیں ،انہوں نے توقع ظاہر کی کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان سینٹ کی نامزدگی میں جعلسازی کرنے پر اسحاق ڈار کے خلاف ضابطہ فوج داری کے تحت کاروائی کریگا،انہوں نے کہا کہ ملک سے مفرور وزیر خزانہ کی ابھی تک اقتدار میں رہنے کی حرص پوری نہیں ہوئی ،اگر انہیں دوبارہ سینیٹر بننے کا شوق ہے تو پہلے واپس آکر عدالت میں جاری اپنے جرائم کا سامنا کریں اور ملک و قوم کی لوٹی ہوئی دولت اور شریف خاندان کیلئے کی جانے والی منی لانڈرنگ کا حساب دیں ، عبدالعلیم خان نے کہا کہ سینیٹر بننے کی خواہش میں نواز لیگ کو یہ خیال بھی نہیں رہا کہ اسحاق ڈار کا بنک اکاؤنٹ اس کی غیر موجودگی میں کھول دیا گیا اور جعلساز نے ضبط شدہ پراپرٹی کو کاغذات میں اپنی جائیداد میں ظاہر کر دیا ، سچ کہتے ہیں کہ جھوٹ کے پاؤں نہیں ہوتے لیکن یہاں تو سر بھی نہیں ہے انہوں نے کہا کہ نواز لیگ ایک ڈوبتی کشتی ہے عدلیہ اور فوج پر الزامات لگانے سے اس کے سوراخ بھر نہیں سکتے ،درجنوں کیسز میں سے کسی ایک میں بھی کرپٹ خاندان کو کلین چٹ نہیں مل سکتی اور عوام بھی جمہوریت کا لبادہ اوڑھ کر پھرنے والے بھیڑیوں کا اصل کردار جان چکے ہیں ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ پی ٹی آئی ان کو بے نقاب کرنے کا سلسلہ جاری رکھے گی اورانشاء اللہ آنے والا دور عمران خان کا ہے،اقتدار میں آکر پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرینگے۔

مزید : میٹروپولیٹن 4