جماعت اسلامی قوم کو کرپشن سے پاک دیانتدار قیادت دے گی،ذکر اللہ مجاہد

جماعت اسلامی قوم کو کرپشن سے پاک دیانتدار قیادت دے گی،ذکر اللہ مجاہد

لاہور (ایجوکیشن رپورٹر) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی 2018ء کے الیکشن میں ملک و قوم کو کرپشن سے پاک دیانتدار قیادت دینے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ موجودہ حکمران عوامی مسائل حل کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے علاقہ وسطی لاہور کی تفہیم منصوبہ ورکشاپ میں ذمہ داران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس مو قع پر سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور انجینئر اخلاق احمد ، نائب امیر جماعت اسلامی لاہور ملک شاہد اسلم ، جماعت اسلامی علاقہ وسطی لاہور کے امیر حاجی ریاض الحسن ، صدر الخدمت فاؤ نڈ یشن لاہور عبدالعزیز عابد و دیگر ذمہ داران موجود تھے ۔ انہوں نے مزید کہاکہ جماعت اسلامی ملک میں اسلامی نظام کا نفاذ چاہتی ہے جس کے لیے جمہوریت ملک میں نظام مصطفی ؐ کے نفاذ کا صحیح راستہ ہے ۔ موجودہ نظام نے عوام کو مایوس اور ملک کو بدحال کر دیاہے ، ملک کے اندر کرپشن اور کرپٹ نظام نے ملک کے بچے بچے کو مقروض کر دیا ہے ، غیر ملکی قرضوں کی بڑھتی ہوئی شرح نے ملک کے اندر مہنگائی کا طوفان برپا کیا ہو ا ہے جو رکنے کا نام نہیں لے رہا ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں مغرب کی سیاسی ، معاشی اور ثقافتی تہذیب نے اسلامی نظام حیات کے تصور کو دھندلا دیا ہے اور ضرورت اس امر کی ہے کہ لوگوں میں اسلام کے صحیح تصور کو اجاگرکیا جائے۔پاکستان کو سیکولر ملک کہنے والے ملک اور آئین پاکستان کے ساتھ غداری کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی دعوت کا مقصد اللہ کی زمین پر اللہ تعالیٰ کے نظام کا نفاذ ہے ۔ ذکر اللہ مجاہد

مزید : میٹروپولیٹن 1