’’پاکستان ‘‘ کی نشاندہی پر والڈ سٹی اتھارٹی نے نوٹس لے لیا
لاہور(کامرس ر پو رٹر) والڈ سٹی کے سربراہ کامران لاشاری نے پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اندرون شہر کے حسن کو تباہ کرنے کی اجازت کسی کونہیں ہے اندرون شہر کی لاہور کی تاریخ اور ورثہ ہے جس کی دیکھ بھال اور تزئین و آرائش کے لیے تمام تر اقدامات بروئے کار لائے جاتے ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ اندرون شہر میں واقع شاہ عالم مارکیٹ میں غیر قانونی تعمیرات پر سخت ایکشن لیا جائے گا اور متعلقہ انسپکٹر کے خلاف انکوائری کرتے ہوئے سخت قانونی و محکمانہ کارروائی کی جائے گی ۔ کامران لاشاری نے کہا کہ والڈ سٹی نے غیر قانونی تعمیرات پر 250ایف آئی آر درج کروائی ہیں بلکہ کئی ایک جگہ پر تعمیرات رکوا کر جگہ کو سیل کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تجاوزات کے حوالے سے اندرون شہر میں مسائل ہیں جس کے لیے مثبت پالیسی بنا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی تعمیرات کی روک تھام کے لیے عوام کو بھی اپنا مثبت کردار ادا کر نے کی ضرورت ہے ۔
کامران لاشاری
لاہور(اسد اقبال)شاہ عالم مارکیٹ میں واقع کوچہ غوثیہ میں والڈ سٹی کے اہلکاروں نے عدالتی احکامات کو ہوا میں اڑاتے ہوئے تاجروں وٹھیکیداروں کو اندرون شہر میں ناجائز تعمیرات کی کھلی چھٹی دے دی ۔رہائشی علاقہ میں واقع گلی میں دو دو تہہ خانے جبکہ کئی کئی منزلہ پلازے تعمیرہونے سے مکینوں میں تشویش و غم وغصہ کی لہر دوڑ گئی ،ملحقہ رہائشی خستہ حال عماتوں کے گرنے کا اندیشہ لاحق ہو گیا، روزنامہ پاکستان کی نشاندہی پر والڈ سٹی اتھارٹی کے حکام نے نوٹس لے لیا،غفلت برتنے والے اہلکاروں کے خلاف کاررورائی کی یقین دہانی ۔تفصیلات کے مطابق روزنامہ پاکستان نے چند روز قبل شاہ عالم مارکیٹ میں تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے حوالے سے تفصیلی سٹوری شائع کی جس میں انکشاف کیا گیا تھا کہ شہر میں کسی بھی قسم کی تعمیرات کر نے پر پابندی عائد ہے اور اس سلسلہ میں والڈ سٹی کو اندرون لاہور کی قدیم ثقافت اور عمارتوں کو محفو ظ وزندہ رکھنے کے لیے خصوصی ٹاسک دیا گیا ہے تاہم اندرون شہر میں واقع پاکستان کی سب سے بڑی تھوک شاہ عالم مارکیٹ میں تاجروں کی جانب سے محکموں کے ساتھ ملی بھگت کر کے نہ صرف بغیر نقشہ کے غیر قانونی عمارتوں کی منزلیں بڑھائی جارہی ہیں بلکہ کئی کئی منزلہ نئے پلازے تعمیر کرنے کے لیے دو دو تہہ خانے بنائے جارہے ہیں ۔پاکستان رپورٹ کے مطابق عینک مارکیٹ کو چہ غوثیہ میں رہائشی عمارتوں کے وسط میں آٹھ منزلہ پلازہ تعمیر کر نے کے لیے 20فٹ گہری بیسمنٹ بنانے کا کام تیزی سے جاری ہے ۔علاوہ ازیں نیشنل باڑہ مارکیٹ سمیت رہائشی عمارتوں کے ساتھ پلازے تعمیر کرنے کا کام دھڑلے سے جاری ہے ۔روزنامہ پاکستان کے فالو اپ وزٹ میں بھی صورتحال جوں کی توں نظر آئی اور تعمیراتی کام جاری تھی اس دوران موقع پر موجودمکینوں ساجد ، اویس ، علی ، کامران ودیگر نے مطالبہ کیا کہ کوچہ غوثیہ سمیت شاہ عالم مارکیٹ میں ہونے والی غیر قانونی تعمیرات پر ضلعی حکومت اور والڈ سٹی کے اعلی حکام نوٹس لیں۔
والڈ سٹی