امیر الدین میڈیکل کالج میں ’’بچو ں سے زیادتی اب نہیں‘‘کے موضوع پر مباحثہ

امیر الدین میڈیکل کالج میں ’’بچو ں سے زیادتی اب نہیں‘‘کے موضوع پر مباحثہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(جنرل رپورٹر)چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو صباء صادق نے کہا کہ زینب کیس ہم سب کی آنکھیں کھولنے کیلئے کافی ہے ،ہمیں اپنی اخلاقی ،معاشرتی اور مذہبی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے بچوں کا تحفظ یقینی بنانا ہوگا،امیر الدین میڈیکل کالج پی جی ایم آئی میں "بچوں سے زیادتی اب نہیں " کے موضوع پر انٹر کالجیٹ مباحثے میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ صباء صادق نے کہا کہ پنجاب حکومت بچوں کے مسائل ،تحفظ اور دیگر امور کو نصا ب میں شامل کر رہی ہے ،وقت آگیا ہے کہ والدین اپنے گردو پیش پر نگاہ رکھتے ہوئے بچوں کی مکمل سکیورٹی کو یقینی بنائیں اورخود بچوں کو اپنی حفاظت کرنے کے قابل بنائیں۔انہوں نے کہا کہ بچوں کے خلاف ہونے والے جنسی واقعات ہم سب کی مشترکہ کوتاہیوں کا نتیجہ ہے ،بالخصوص میڈیا کو بھی اس ضمن میں آگاہی پیدا کرنے کیلئے اپنا موثر کردار ادا کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اگر صحیح معنوں میں اسلامی تعلیمات پر عمل کیا جائے تو اس طرح کی گھناؤنی حرکات سے بچا جا سکتا ہے۔ پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر غیاث النبی طیب نے اپنے خطاب میں کہا کہ بچوں سے زیادتی کے واقعات کی روک تھام کیلئے ینگ جنریشن اپنا کردار ادا کرے اور اس مقصد کیلئے ہر شہری کو اپنے گردو پیش پر نظر رکھنی چاہیے ،انہوں نے کہا کہ والدین کو بچوں کی تربیت میں اس عنصر کو شامل کرنا چاہیے کہ وہ اپنی حفاظت خود کرنے کے قابل ہو سکیں ،انہوں نے بچوں سے زیادتی کے خلاف ہونے والے مباحثے کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ عوامی رائے عامہ کی تشکیل اور شعور اجاگر کرنے میں معاون ثابت ہوگا،پروفیسر غیاث النبی طیب نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے بچوں کے خلاف ہونے والے واقعات کا بھرپور نوٹس لیتے ہوئے شارٹ اور لانگ ٹرم اقدامات اٹھائے ہیں جس سے مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام میں واضح مدد ملے گی ۔ پروفیسر فاروق افضل نے بھی خطاب کیا ۔
مباحثہ