لاہور پولیس نے پتنگ بازی روکنے کیلئے مؤثر حکمت عملی طے کر لی

لاہور پولیس نے پتنگ بازی روکنے کیلئے مؤثر حکمت عملی طے کر لی

 لاہو ر(خبر نگار)لاہور میں کائٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے 24 فروری کو بسنت منانے کے اعلان کے بعد لاہور پولیس نے بھی پتنگ بازی کو روکنے اور ان میں ملوث افراد کے خلاف کارروائیاں عمل میں لانے کیلئے موثر حکمت عملی طے کر لی۔وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر ڈی آئی جی آپریشز نے شہر میں پتنگ بازی کو روکنے کیلئے 12 نکاتی ہدایات نامہ جاری کر دیا جبکہ تمام ڈویثرنل ایس پیز کو ان نکات پر فوری طور پر عمل درآمد کرانے کے احکامات جاری کر دئیے گئے ہیں۔تمام ڈویثرنل ایس پیز کو 12 نکات پر مشتمل ایک ہدایات نامہ جاری کیا گیا ہے جس میں ان کو اپنی اپنی ڈویثرن میں موجود پتنگ بازی اور پتنگ سازی کے جرم میں گرفتار ہونے والے سابق ریکارڈ یافتہ افراد کا ریکارڈ مرتب کر کے ان کے خلاف کارروائی کرنے، تھانوں کی حدود میں واقع چھتوں کے مالکان سے شورٹی بانڈ لینے، تمام بڑی اور چھوٹی مساجد میں روزانہ کی بنیاد پر اعلانات کرانے، پتنگ بازی کی روک تھام کیلئے پمفلٹ کی تقسیم کرانے، اہم اور بارونق مقامات پر فلیکسز اور بینرز آویزاں کرنے، تھانے کی آپریشز اور انویسٹی گیشن کی گاڑیوں پر پتنگ بازی کی روک تھام کے حوالے سے بینرز لگوانے، پولیس اہلکاروں کے پبلک مقامات پر میگا فون پر پتنگ بازی کو روکنے کیلئے اعلانات کرانے، تمام اونچی عمارتوں پر روزانہ دوپہر اور شام کے اوقات میں دوربین سے لیس اہلکاروں کو تعینات کرنے، معززین علاقہ سے اجلاس کرنے کے ساتھ ساتھ مقامی کیبل نیٹ ورک پر پتنگ بازی کی روک تھام کیلئے اشتہارات چلوانے اور ہر تھانے کی گاڑی کے اندر سرچ لائٹ اور سیڑھی رکھنا شامل ہیں۔

مزید : علاقائی