لاہور ہائیکورٹ کا ڈائریکٹر اینٹی کرپشن کو درخواست گزار کو سن کر خواجہ آصف کیخلاف فیصلہ کرنے کا حکم

لاہور ہائیکورٹ کا ڈائریکٹر اینٹی کرپشن کو درخواست گزار کو سن کر خواجہ آصف ...

لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائیکورٹ نے وفاقی وزیر خواجہ آصف کے خلاف مقدمہ کی تفتیش پر اثر انداز ہونے کے الزام میں دائر درخواست پر ڈائریکٹر اینٹی کرپشن کو درخواست گزار کو سن کر درخواست پر فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا ہے۔جسٹس عبدالسمیع خان نے آفتاب بٹ کی درخواست پر سماعت کی ،درخواست گزار وکیل نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ ایک ہاؤسنگ سوسائٹی کے نام پر سیالکوٹ میں شہریوں کی اراضی پر قبضہ کیا گیا ،اس بابت تھانہ اینٹی کرپشن سیالکوٹ میں پٹواریوں کے خلاف مقدمہ درج ہے ۔اس ہاؤسنگ سوسائٹی کے 5شیئر ہولڈرز ہیں جن میں وفاقی وزیر خواجہ آصف کی اہلیہ مسرت خواجہ آصف بھی شامل ہے جنہیں مقدمے میں شامل تفتیش ہونے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں ،وکیل نے الزام لگایا ہے کہ خواجہ آصف اثرورسوخ کی بنیاد پر مقدمے کی تفتیش اپنی مرضی سے کرانا چاہتے ہیں ۔درخواست گزار وکیل نے مزیدبتایا کہ مقدمے کا تفتیشی افسر خواجہ آصف کے زیر اثر ہے اور اس سے متعلق محکمہ اینٹی کرپشن کو درخواستیں دیں مگر شنوائی نہیں ہوئی ،عدالت سے استدعا کی گئی کہ عدالت مقدمے میں تفتیشی افسر کی تبدیلی کا حکم دے ،عدالت نے وکیل کے دلائل سننے کے بعد درخواست ڈائریکٹر اینٹی کرپشن کو فیصلے کے لئے بھجوا دی ہے۔

مزید : صفحہ آخر