اسلامی فلاحی ریاست کا حامی ، علامہ اقبال ؒ نظریاتی اور قائد اعظم ؒ سیاسی رول ماڈل ہیں : عمران خان

اسلامی فلاحی ریاست کا حامی ، علامہ اقبال ؒ نظریاتی اور قائد اعظم ؒ سیاسی رول ...

اسلام آباد ( آن لائن ) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ اقتدار میں آ کر ادارے مضبوط کریں گے ،ادارے میرٹ کی وجہ سے مضبوط ہوتے ہیں،جمہوریت میں صوابدیدی فنڈز کا کوئی تصورنہیں ، فنڈز ادارے جاری کرتے ہیں ، اسلامی فلاحی ریاست کا حامی ہوں ، نظریاتی رول ماڈل علامہ اقبال اور سیاسی رول ماڈل قائد اعظم ہیں ، ملک کا سب سے بڑا مسئلہ آلودگی ہے ، خیبر پختونخوا میں ایک ارب سے زائد درخت لگائے ہیں ، خیبرپختونخوا کی آدھی آبادی کوہیلتھ کارڈدے چکے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ بار کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ ہم نے خیبر پختونخوا میں پولیس کو ٹھیک کیا جس سے صوبے میں امن قائم ہوا، اسفندیارولی دبئی اورملائیشیاجاتے تھے پشاورنہیں آتے تھے،آج اسفندیارولی اورنوازشریف بھی پشاورمیں تقریرکرتے ہیں۔عمران خان نے ایک بار پھر یہ دعویٰ کیا کہ انہیں سینیٹ کے ایک ٹکٹ کیلئے 40 کروڑ روپے کی پیشکش ہوئی۔چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ جمہوریت میں بجٹ ہوتا ہے، وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کے پاس صوابدیدی فنڈ نہیں ہوتا، میں سرمایہ دارانہ نظام کیخلاف ہوں اور اسلامی فلاحی ریاست پر یقین رکھتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ادارے ٹھیک ہوسکتے ہیں، ایماندارلوگوں کی ضرورت ہے،گورننس سسٹم ٹھیک کریں گے توپی آئی اے بہترہوسکتی ہے۔۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں اس وقت تک کچھ نہیں ہوسکتا جب تک رائے ونڈ سے حکم جاری نہ ہو، رائے ونڈ کے حکم کے بغیر کوئی ایس ایچ او بھی تعینات نہیں ہوسکتا۔دریں اثنا ایک ٹویٹ میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم شاہد خاقان عباسی کی طرف سے قطر کے ساتھ کئے جانے والے ایل این جی معاہدے کی تفصیلات جاننے کیلئے بے تاب ہے ۔چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ قطر کے ساتھ اربوں ڈالر کے معاہدے میں پراسراریت کے پیچھے چھپے رازوں سے شکوک وشبہات پیدا ہوئے ہیں لہٰذا امید ہے سپریم کورٹ میں ایل این جی معاہدے کی تفصیلات عام کردی جائیں گی۔

عمران خان

مزید : صفحہ اول