عوام کے خون پسینے کی کمائی کو ضائع نہیں کرنے دیں گے : شہباز شریف

عوام کے خون پسینے کی کمائی کو ضائع نہیں کرنے دیں گے : شہباز شریف

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پنجاب میں ترقی کے نئے معیار قائم کریں گے۔ ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کی ہر سطح پر مانیٹرنگ کرکے شفافیت کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ ترقیاتی منصوبوں کے تعمیراتی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے یہ بات آج یہاں اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں سالانہ ترقیاتی پروگرام پر پیش رفت اور صوبہ بھر میں جاری مختلف محکموں کے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیاگیا۔ وزیراعلیٰ نے منصوبوں کی جلد تکمیل کے لئے ہدایات جاری کیں۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں کی عمارتوں کی تعمیر کو جلد سے جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے اور نوجوانوں کو کھیل اور خداداد صلاحیتوں کے اظہار کے لئے سپورٹس کمپلیکس سمیت کھیل سے متعلق دیگر منصوبوں کو شفافیت کے ساتھ مکمل کیا جائے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب کے 4 اضلاع میں ٹیچنگ ہسپتالوں کی تعمیر کا پہلا فیز مکمل ہونے کو ہے جبکہ دوسرے فیز میں 4 اضلاع میں میڈیکل کالج قائم کئے جا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت حکومت پنجاب کا طرہ امتیاز ہے اور حکومت پنجاب نے ترقیاتی منصوبوں میں اربوں روپے کی بچت کرکے قابل تقلید تاریخی مثال قائم کی ہے۔ شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے عوام سے کئے گئے وعدے پورے کرکے دل جیت لئے ہیں۔ انرجی بحران کا خاتمہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا تاریخی کارنامہ ہے۔ حکومت پنجاب تعلیم، صحت، زراعت اور دیگر شعبوں میں اختراعی ترقیاتی منصوبے سامنے لا رہی ہے۔ سرکاری ہسپتالوں میں بہترین علاج کی سہولت عوام کی رسائی میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت، ترقی اور خوشحالی ہمارا وژن ہے ،ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے ہر چھوٹے بڑے شہر کی یکساں ترقی کے لئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر کے عوام کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں اور اعلیٰ معیار کی ادویات فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ میں ملک بھر کے مریضوں کو امراض گردہ اور جگر کے علاج کی سہولت فراہم کر رہے ہیں۔پنجاب کے ہسپتالوں میں سٹیٹ آف دی آرٹ طبی آلات فراہم کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’پکیاں سڑکاں۔سوکھے پینڈے‘‘ پراجیکٹ کے تحت صوبہ بھرکے دیہات میں ہزاروں کلومیٹر طویل سڑکیں تعمیر کی گئیں ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار آج یہاں رکن قومی اسمبلی اسدالرحمن اورممبر صوبائی اسمبلی عبدالرؤف سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

شہباز شریف

مزید : صفحہ اول

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...