سینیٹ الیکشن ،پنجاب میں سکرونٹی کا عمل ، 24امید واروں کے کاغذات نامزدگی منظور ، 5مسترد
ٍ لاہور(نامہ نگار،نمائندہ پاکستان )ریٹرننگ افسرنے پنجاب سے سینیٹ الیکشن کیلئے اسحق ڈار سمیت 5امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دئیے جبکہ 24 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جانچ پڑتال کے بعد منظور کرلئے ہیں۔ریٹرننگ افسر پنجاب شریف اللہ نے اسحق ڈار کے کاغذات نامزدگی بینک اکاونٹ کی غیرمصدقہ دستاویزات کو بنیاد بناتے ہوئے مسترد کئے ، اسحق ڈار کے وکیل نے ریٹرننگ افسر کے فیصلے کیخلاف اپیل دائر کرنے کا اعلان کردیا ہے، جن امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور ان میں عندلیب عباس ،آصف کرمانی ، ہارون اختر ،شہزاد خان ،چودھری سرور ،کامل آغا،رانامحمود الحسن ، شیزا فاطمہ ، سمیع اللہ چودھری،مصدق ملک،شکیل اعوان ،ولیم مائیکل، نواز ش علی پیرزادہ، نصیربھٹہ ، رانا مقبول،زبیر گل، شاہین خالد بٹ، کامران مائیکل، آصف جاوید، سعدیہ عباسی، نزہت صادق، حنا ربانی کھر، وکٹر زاریااور حامدمعراج کے کاغذات نامزدگی منظور کر لئے ہیں۔ریٹرننگ افسر نے پاکستان مسلم لیگ کے رہنماء اسحق ڈار،آزاد امیدوار سرفراز قر یشی، ن لیگ کے حمایت یافتہ حافظ عبدالکریم، بلال بٹ اورعثمان خان زئی کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دئیے ہیں۔دوسری جانب اسحاق ڈار کے کاغذات مسترد ہو نے پر پی ٹی آئی وکلا کی جانب سے ہلہ گلہ کیا اور خوشیا ں منا ئی گئیں،محمودالرشید نے اسے حق اور سچ کی فتح قرار دیتے ہوئے کہا کہ قومی لٹیروں کو عوام کے فیصلوں کا حق نہیں۔ انتخابی شیڈول کے تحت ریٹرننگ افسر کے فیصلے کے خلاف 15فروری تک اپیلیں دائر کی جا سکیں گی جبکہ 17فروری کو اپیلوں کا فیصلہ سنایا جائے گا۔
سینیٹ الیکشن
اسلام آباد (آئی این پی) مسلم لیگ (ن) کے سینیٹ کی جنرل نشست کیلئے امیدوار اسد جونیجو کے کاغذات نامزدگی پر پیپلز پارٹی کے راجہ عمران اشرف نے اعتراض اٹھادیا، اعتراض میں کہا گیا کہ اسد جونیجو نے اپنے اثاثوں کی تفصیلات غلط بتائی گئی ہیں، ریٹرننگ آفیسر نے (ن)لیگی امیدوار کے کاغذات نامزدگی پر فیصلہ محفوظ کردیا۔ پیر کو سینیٹ کی جنرل نشست پر (ن)لیگ کے امیدوار اسد جونیجو پر پیپلز پارٹی نے اعتراض اٹھادیا، راجہ عمران اشرف نے اعتراض الیکشن کمیشن میں دائر کر دیا، اعتراض میں کہا گیا کہ اسد جونیجو نے جائیداد کی تفصیلات جمع نہیں کرائیں۔ راجہ عمران اشرف کے وکیل نے کہا کہ لیگی امیدوار نے اثاثوں کی تفصیلات غلط بیان کی ہیں، (ن) لیگی امیدوار نے کاغذات نامزدگی پر اعتراضات مسترد کر دیئے، ریٹرننگ آفیسر نے (ن)لیگی امیدوار کے کاغذات نامزدگی پر فیصلہ محفوظ کردیا۔
اسد جونیجو