کویت میں مقیم 2200 فلپائنی تارکین ملک واپسی کے لیے تیار

کویت میں مقیم 2200 فلپائنی تارکین ملک واپسی کے لیے تیار

منیلا (این این آئی)کویت میں مقیم 2200 سے زیادہ فلپائنی تارکینِ وطن صدر روڈریگو ڈیوٹرٹ کی پیش کش پر وطن واپسی کے لیے تیار ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق فلپائن کے وزیر محنت سلویسٹر بیلو سوم نے بتایا کہ ہمیں جمعہ کو یہ مطلع کیا گیا تھا کہ کویت میں مقیم 2200 سے زیادہ فلپائنی وطن واپسی پر آمادہ ہیں۔ان میں بعض کے ویزوں کی میعاد ختم ہوچکی ہے اور انھوں نے استثنا کی درخواست کی ہے۔بیلو کا کہنا تھا کہ ان دونوں فضائی کمپنیوں نے کویت سے فلپائنی ورکروں کی مفت واپسی کے لیے چارٹر پروازوں کا بندوبست کیا ہے اور قریباً پانچ سو فلپائنی ورکروں کی جلد منیلا واپسی متوقع ہے۔ان کے بہ قول حکومت واپس آنے والے تارکینِ وطن کو روزگار دلانے کے لیے اقدامات کرے گی۔ اور انھیں روزمرہ کا خرچہ مہیا کیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ ہم اب متبادل مارکیٹوں کی جانب دیکھ رہے ہیں ۔ان میں سے ایک چین اور روس بھی ہے تاہم انھوں نے اس کی مزید وضاحت نہیں کی ہے۔فلپائنی صدر نے کویت میں اپنے ملک کی ایک تارکِ وطن ملازمہ کی پْراسرار موت کے بعد وہاں کام کرنے والے فلپائنی شہریوں کو واپس بلانے کا اعلان کردیا تھا اور ملک کی دو نجی فضائی کمپنیوں فلپائن ائیر لائنز اور سیبی پیسیفک سے ان تارکینِ وطن کو 72 گھنٹے میں واپس لانے کی ہدایت کی تھی۔

مزید : علاقائی